صدر ٹرمپ کی زندگی پر لکھی کتاب کی اشاعت پر عارضی پابندی لگا دی گئی

کتاب امریکی صدر کے بڑے بھائی کی بیٹی میری ٹرمپ نے لکھی ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 1 جولائی 2020 16:54

صدر ٹرمپ کی زندگی پر لکھی کتاب کی اشاعت پر عارضی پابندی لگا دی گئی
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم جولائی ۔2020ء) امریکہ کی ریاست نیو یارک کے ایک جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زندگی پر لکھی ان کی بھتیجی کی کتاب کی اشاعت پر عارضی پابندی لگا دی ہے اس کتاب کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس میں امریکی صدر کے بارے میں کچھ ایسی معلومات شامل ہیں جو ان کے لیے شرمندگی کا باعث بن سکتی ہیں.

(جاری ہے)

ریاست نیو یارک کی سپریم کورٹ کے جج ہال گرین والڈ نے جس کتاب کی اشاعت روکی ہے وہ صدر ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ نے لکھی ہے اس کتاب کا عنوان ہے ”ٹو مچ اینڈ نیور اینف: ہاﺅ مائی فیملی کری ایٹڈ دی ورلڈز موسٹ ڈینجرس مین“یہ کتاب 28 جولائی کو مارکیٹ میں آنی ہے لیکن جج گرین والڈ نے کہا ہے کہ وہ کتاب کے خلاف درخواست دینے والے صدر ٹرمپ کے بھائی کا موقف سن کر اس بات کا حتمی فیصلہ کریں گے کہ یہ کتاب شائع ہو گی یا نہیں.

عدالت میں درخواست دائر کرنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھائی رابرٹ نے موقف اپنایا ہے کہ میری ٹرمپ خاندان کے ایک معاہدے کے تحت اس بات کی پابند ہیں کہ وہ خاندان کے دیگر افراد کی اجازت کے بغیر ٹرمپ فیملی سے متعلق کوئی کتاب نہیں لکھ سکتیں میری ٹرمپ کے وکیل تھیوڈور باﺅٹروس جونیئر نے عدالت کی جانب سے کتاب کی اشاعت پر پابندی کو امریکی آئین کی واضح خلاف ورزی قرار دیا ہے واضح رہے کہ امریکی آئین میں ہونے والی پہلی ترمیم میں اظہارِ رائے کی آزادی کو عوام کا بنیادی حق قرار دیا گیا ہے.

باﺅٹروس جونیئر نے کہا ہے کہ یہ کتاب ایک ایسے وقت شائع ہو رہی ہے جب امریکہ میں انتخابات ہونے والے ہیں اور ایک ایسے شخص سے متعلق ہے جو دوسری مدت کے لیے صدر کا انتخاب لڑ رہا ہے وکیل نے بتایا کہ اس کتاب میں ایسے عوامل پر بات کی گئی ہے جو عوام کے لیے جاننا ضروری ہیں اور اس لیے اس کتاب کی اشاعت کو ایک دن کے لیے بھی نہیں روکنا چاہیے‘دوسری جانب امریکی صدر کے بھائی رابرٹ ٹرمپ کے وکیل چارلس ہارڈر نے میری ٹرمپ اور ان کی کتاب کے پبلشرز کے اقدامات کو انتہائی قابلِ مذمت قرار دیا ہے اور کیس کو بھرپور انداز میں لڑنے کا عندیہ دیا ہے.

واضح رہے کہ میری ٹرمپ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بھائی آنجہانی فریڈ ٹرمپ جونیئر کی صاحب زادی ہیں فریڈ ٹرمپ شراب نوشی کی لت میں مبتلا تھے اور 1981 میں دل کا دورہ پڑنے سے ان کی موت ہو گئی تھی عدالتی احکامات کے بعد کتاب کے پبلشر سائمن اینڈ شوسٹر کی ویب سائٹ سے اس کتاب سے متعلق معلومات ہٹا دی گئی ہیں ویب سائٹ پر دیے گئے کتاب کے تعارف میں کہا گیا تھا کہ یہ کتاب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جابر شخصیت اور ان کے خاندان کی زہر آلود زندگی کا احاطہ کرتی ہے.