چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے عمران خان کو سوشل میڈیا کا وزیراعظم کہہ دیا

ہمیں ایک بالغ وزیراعظم کی ضرورت ہے جوپاکستان کے مسائل کا سامنا کرسکے، عمران خان وہ واحد وزیراعظم ہیں جنہوں نے نریندر مودی کی مہم چلائی، حکومت نے شروع د ن سے کورونا سے نمٹنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا، بلاول بھٹو کی لاہور میں پریس کانفرنس

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 1 جولائی 2020 16:58

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے عمران خان کو سوشل میڈیا کا وزیراعظم ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-01جولائی2020ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے عمران خان کو سوشل میڈیا کا وزیراعظم کہہ دیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہمیں ایک بالغ وزیراعظم کی ضرورت ہے جوپاکستان کے مسائل کا سامنا کرسکے، عمران خان پاکستان کا وزیراعظم بننے کوتیارنہیں۔ عمران خان حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں عمران خان وہ واحد وزیراعظم ہیں جنہوں نے نریندر مودی کی مہم چلائی، یہ پہلا وزیراعظم ہےجوپاکستان میں کشمیرپراتفاق رائے پیدا نہیں کرسکا۔

مزید بات کرتے ہوئے چیئرمین کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اس بات کا اندازہ نہیں ہے کہ کورونا کتنا سنجیدہ مسئلہ ہے۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کورونا کیسز اور ہلاکتیں کم ہورہی ہیں، حکومت نے شروع د ن سے کورونا سے نمٹنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

(جاری ہے)

حکومتی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت نےتنخواہوں اور پنشنز میں اضافہ نہیں کیا،ڈاکٹروں، طبی عملےکابھی تحفظ نہیں کیا، پنجاب کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو رسک الاؤ نس دیا جائے۔

اپنے چیلنج پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے چیلنج کیا تھا کہ ہم سے ٹی وہ پر براہ راست مباحثہ کر لیں یا اسمبلی میں، عمران خان اتنے بہادر ہیں کہ ہماری غیر موجودگی میں بات کرتے ہیں۔ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے عمران خان کی انتقامی سیاست پر بات کرنا شروع کر دی جس پر ان کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب کی طبیعت ٹھیک نہیں لیکن نیب چاہتا ہے کہ وہ پیش ہوں، خورشید شاہ بھی جیل میں ہیں، ان پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، گیلانی صاحب پیشی کے لیے گئے اور کورونا کا شکار ہوئے۔

بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہمیں این آر او نہیں چاہیئے، ہم حکومت کو ٹف ٹائم دیتے رہیں گے۔ ہم ماضی میں ہر کیس میں با عزت بری ہوئے ہیں، ہم 1973 کے آئین پر مفاہمت نہیں کریں گے۔ ان کی جانب سے ماضی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مشرف کے2002کےاین آراوسےاستفادہ کرنیوالوں میں عمران خان بھی شامل ہیں۔ حکومت کی ناکامی پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وفاق کی ناکامی کا بوجھ بھی پنجاب ہی اٹھا رہا ہے جبکہ وفاق کی طرف سے پنجاب کے ساتھ بھی ناانصافی ہورہی ہے۔