وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کشمیر ہسٹری میوزیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

منصوبے پر 23.958ملین روپے کی لاگت آئیگی،آزاد کشمیر کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنایا جائیگا اس وقت ہندوستان کشمیریوں کی شناخت چھیننا چاہتا ہے ،جموں وکشمیر ، گلگت بلتستان ، لداخ کشمیریت کی شناخت ہیں ہم نے اس شناخت کو تحفظ دینا ہے اور اسے دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہے،محمد فاروق حیدر

بدھ 1 جولائی 2020 17:43

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2020ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بدھ کے روز کشمیر ہسٹری میوزیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبے پر 23.958ملین روپے کی لاگت آئے گی ۔ اس منصوبے کے تحت آزاد کشمیر کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنایا جائیگا ۔ جبکہ کشمیر ی ثقافت کے لیے کام کرنے والوں کاو ڈیٹا بھی اس میوزیم کا حصہ ہوگا تاکہ آزاد کشمیر کی ثقافت ، اسکے قدرتی حسن اور تاریخ کو اجاگر کیا جاسکے ۔

میوزیم میں کشمیر کی تاریخ کے حوالہ سے مواد ، کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال ، قدیم عمارات ، کشمیر ی فن تعمیر ، خطاطی کے نمونوں ، مندر ، قلعے ، پیالے اور مقبروں کے حوالہ سے مواد کی الگ الگ گیلری بنائی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرچیئرمین وزیر اعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین ، چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر ، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ، سیکرٹری اطلاعات وسیاحت محترمہ مدحت شہزاد ، سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ منصور قادر ڈار ، سیکرٹری تعلیم کالجز ظہیر الدین قریشی ، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل عطا ء اللہ عطا، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ راجہ اظہر اقبال ، ڈائریکٹر جنرل سیاحت ارشاد احمد پیرزادہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ اس وقت ہندوستان کشمیریوں کی شناخت چھیننا چاہتا ہے ۔ جموں وکشمیر ، گلگت بلتستان ، لداخ کشمیریت کی شناخت ہیں ہم نے اس شناخت کو تحفظ دینا ہے اور اسے دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بیرون ملک آباد کشمیری ، تاریخ کشمیر اور کشمیر ثقافت سے متعلق مواد اور معلومات فراہم کریں تاکہ اسے محفوظ بنایا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ لداخ کشمیر کا حصہ ہے ۔میں اپنے جموں کے بھائیوں اور لداخ کے بھائیوں سے کہتا ہوں کہ اس کشمیریت کو قائم رکھیں ہندوستان آپ سے یہ شناخت چھیننا چاہتا ہے ۔یہ آپ سب کی ذمہ داری ہے اس میں مسلمان ، ہندوں اور سکھ بھی شامل ہیں یہ سب کی ذمہ داری ہے وہ اس کو قائم رکھیں ۔ انشاء اللہ ریاست جموں وکشمیر کے لوگوں کو یہ حق ضرور ملے گاکہ وہ اپنے مستقل کا فیصلہ خود کریں ۔

میں آزاد کشمیر کے لوگوں سے بھی یہ اپیل کرتا ہوں اور پاکستان میں مقیم کشمیریوں اور بیرون ملک آباد کشمیر یوں سے بھی کے جس کسی کے پاس کشمیر سے متعلق کوئی ہسٹری یا کوئی اور اس متعلق چیز ہے ہے وہ اس میوزیم میں رکھے آزاد جموں وکشمیر کی ہسٹری قدیم ترین ہسٹری ہے ۔اس کے اندر سنٹرل ایشیاء کا بھی اثر ہے برصغیر ہندوپاک کا بھی اسکے اندر کئی مذاہب کا بھی اثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ لداخ کا یہ جو علاقہ بہت پرانا اور مشہور علاقہ ہے جس میںکئی لوگ نظر جمائے رکھتے تھے میںنے پڑھا ہے خلیفہ ہارون رشید بھی یہاں فوج کشی کرنا چاہتا تھا ۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کر رہا ہے اور ریاستی دہشت گردی کی انتہا کر رکھی ہے ۔ پاکستان عالمی سطح پر ہندوستان کے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم وستم سے باز رکھنے کے لئے کر دار ادا کرے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھی ہندوستان ملوث ہے ۔ پاکستان ہندوستان کی سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے ۔ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہی حل ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھارت کے جبرو استبدادسے آزاد ہوں گے ۔