مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج ایک قاتل فوج بن چکی ہے،محمد فاروق حیدر خان

انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اداروں سے کہتا ہوں کشمیریوں کے خلاف بھارت کی فوج کی انسانیت سوز کارروائیوں کا نوٹس لے، وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 1 جولائی 2020 17:43

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2020ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج ایک قاتل فوج بن چکی ہے۔سوشل میڈیا پر چلنے والی تصویر جس میں نواسہ اپنے نانا کی لاش پر بیٹھا ہوا ہے جسے بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے شہید کیا نے میرا دل چیر کر رکھ دیا ہے۔انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اداروں سے کہتا ہوں کہ وہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کی فوج کی انسانیت سوز کارروائیوں کا نوٹس لیں۔

امریکہ،روس،فرانس،برطانیہ،جرمنی سمیت یورپی ممالک سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیریوں کی آواز کو سنیں بھارتی فوج ایک جارح فوج ہے جو کشمیریوں کی مسلسل نسل کشی کر رہی ہے ۔بھارت کشمیر کی شناخت ختم کرنے اور مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے ایک کے بعد دوسرا قدم اُٹھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مودی جو گجرات کے قصاب کے نام سے مشہور تھا اب کشمیر کا قصاب بن چکا ہے۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے شہریوں کو گولی مار کر شہید کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا جس میں نانا کی لاش پر اسکا نواسہ بیٹھا ہوا ہے کیا اس پر عالمی ضمیر یوں ہی بے حس رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ انسانیت کی تذلیل کیا ہو گی کہ بھارتی فوج اپنی بہیمانہ کارروائیوں کے دوران بچوں کے سامنے انکے پیاروں کو گولیوں سے بھون دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارت کے بڑھتے ہوے مظالم جنوبی ایشیاء کے امن کو نقصان پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہا ایک طرف بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں جبکہ دوسری جانب بھارتی حکومت ہزاروں کی تعداد میں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کر کے اقوام متحدہ کی قرادادوں کی مسلسل اور کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی انسانیت سوز کارروائیوں سے کچھ بھی محفوظ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا تلاشی کی کارروائیوں،نام نہاد آپریشنز کی آڑ میں کشمیریوں کی املاک کو تباہ کرنے سمیت ان کے خاندانوں کو تہہ تیغ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر ایک ایسی جیل بن چکا ہے جہاں کچھ بھی محفوظ نہیں ہے۔وزیراعظم نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر آنکھیں بند نہ کریں بلکہ اسکا نوٹس لیں اور بھارت کو ان مظالم سے روکنے کیلیے اپنا اثر ورسوخ استعمال کریں۔