کراچی شپ یارڈ اور انجینئرنگ ورکس میں پاک بحریہ کے لئے مقامی سطح پر تعمیر کیے جانے والے پلیٹ فارمز کے کنٹریکٹ پر دستخط کی تقریب

بدھ 1 جولائی 2020 20:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2020ء) مقامی سطح پر ڈیزائن کردہ گن بوٹس اور ٹگز کے معاہدہ پر دستخط کی تقریب کا انعقاد وزارت دفاعی پیداوار میں کیا گیا۔ مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW)، ریئر ایڈمرل اطہر سلیم اور ڈائریکٹر جنرل میونیشنز پروڈکشن، ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے معاہدوں پر دستخط کیے۔

ایڈیشنل سیکرٹری دفاعی پیداوار میجر جنرل عاکف اقبال اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)ریئر ایڈمرل اویس احمد بلگرامی بھی اس موقع پر موجود تھے۔پاکستان بحریہ کی جانب سے مقامی طور پر ڈیرائن کردہ گن بوٹ اسٹیلتھ ٹیکنالوجی اور جدید ہتھیاروں سے لیس اور تیز رفتار ہوگی۔ اس کی تعمیر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

مزید برآں اسٹیٹ آف دی آرٹ مشینری سے لیس 02 ٹگز جو کہ خراب موسم میں بھی کام کرنے اور امدادی کاروائیوں میں استعمال ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں،بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس نے کہا کہ یہ منصوبے دفاعی جہازوں کی تعمیر میں خودمختاری اور خود کفالت کا مظہر ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس وقت کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں پاک بحریہ کے لئے ملجم کلاس جنگی جہاز، فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل) اور ٹگز جبکہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے لئے میری ٹائم پٹرول جہاز بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل میونیشنز پروڈکشن نے ماضی میں بین الاقوامی معیار کو یقینی بناتے ہوئے جہازوں کی بروقت فراہمی پر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کی انتظامیہ اور افرادی قوت کی تعریف کی۔تقریب میں وزارت دفاعی پیداوار اور پاکستان بحریہ کے مختلف عہدیداران نے شرکت کی۔