کراچی، محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی میں سیمسٹر اسپرنگ۔20 کے دوران آن لائین کلاسز کے بعد آن لائین امتحانات بھی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

بدھ 1 جولائی 2020 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2020ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی (ماجو) کے موجودہ سیمسٹر اسپرنگ۔20 کے دوران ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی فراہم کردہ گائیڈ لائین کے مطابق آن لائین کلاسز کے باقاعدہ انعقاد کے بعد اب اس ہفتہ کے دوران آن لائین امتحانات بھی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے ہیں۔ ماجو کے آن لائین امتحانات کے کنٹرولر محمد کاشف خان کے مطابق یونیورسٹی کے طلبہ نے بڑے اعتماد کے ساتھ ان امتحانات میں شرکت کی اور ان کی حاضری گزشتہ سال منعقد ہونے والے مینوئل امتحانات کے مقابلہ میں بھی بہت بہتر رہی۔

یونیورسٹی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مینیجر شہباز عبداللہ نے بتایا کہ ان کے شعبہ کی جانب سے آن لائین امتحانات کی تمام کاروائی کی مکمل ریکارڈنگ کی گئی تاکہ کسی بھی طابہ کی جانب سے کسی قسم کی شکایت موصول ہونے پر اصل صورتحال واضح کی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ آن لائین امتحانات کے دوران اساتذہ اور طلبہ کی کارکردگی کا معیار انتہائی اطمینان بخش رہا اور اس موقع پر طلبہ کے کنیکٹیویٹی کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کے ساتھ ساتھ انھیں ہرممکن مدد فراہم کی گئی۔

واضح رہے کہ اس سال کے دوران حکومت کی جانب سے کوویڈ 19وبائی امراض کے بحران کے نتیجہ میں درسگاہوں کی بندش کے بعد ماجو میں آن لائین کلاسز کا انعقاد اور آن لائین امتحانات کی تکمیل کے علاوہ اگلے سیمسٹر فال۔20 کے لئے آن لائین داخلے بھی شروع کردئے گئے ہیں ۔دریں اثنا ماجو کے صدر، پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ اور ڈائیریکٹر آن لائین ایجوکیشن، پروفیسر ڈاکٹر عاصم امداد نے یونیورسٹی کے امتحانات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کو آن لائین امتحانات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ ہم اب مستقبل میں آن لائین ایجوکیشن پروگرام مزید بہتر طریقہ اور اعتماد کے ساتھ جاری رکھ سکیں گے۔#