حکومت کی جانب سے شرح سود میں مسلسل کمی مستحسن اقدام ، شرح سود میں کمی کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے، زاہد اعوان

بدھ 1 جولائی 2020 21:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2020ء) سینئر سیاستدان اور معروف تاجر رہنماء زاہد اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے شرح سود میں مسلسل کمی مستحسن اقدام ہے، شرح سود میں کمی کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ اپنے دفتر میں تاجروں سے ملاقات میں زاہد اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کی معیشت کی بحالی کیلئے شب روز محنت کررہی ہے اور حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ملکی خسارہ کم ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے تاحال کاروبار مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکا، حکومت کاروباری اداروں کو فعال کرکے معیشت کو مضبوط بناسکتی ہے۔ زاہد اعوان نے کہا کہ بھارت پاکستان کی عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے دہشت گردی میں مصروف ہے، بھارت پاکستان کو ہمیشہ معاشی طورپر بدحال دیکھنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر حملے میں بھی بھارت کا ہاتھ ہے، پاکستان میں موجود بھارتی دہشت گرد ملک میں افرتفری پھیلاکر سرمایہ کاری رکوانا چاہتے ہیں۔

تاجروں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ بلند شرح سود کاروبار کیلئے زہر قاتل ہے اور حکومت نے گزشتہ چند ماہ میں شرح سود کو 13سے 7فیصد کرکے انتہائی اہم اقدام اٹھایا ہے، حکومت کی کوششوں سے جلد پاکستان معاشی مشکلات سے چھٹکارہ حاصل کرلے گا۔#