ملک کو درپیش موجودہ حالات میں حکومت کی مدد کرنا چاہتے ہیں‘ کبھی مائنس ون کے بارے میں بات نہیں کی‘ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ‘ کراچی اسٹاک ایکسچینج میں حملے کے دوران ہمت کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ‘ ہمیں بیک وقت کورونا وباء‘ ٹڈی دل جیسے مسائل کا سامنا ہے ‘ امیروں پر ٹیکس لگا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جانا چاہئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 1 جولائی 2020 23:05

لاہور۔یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2020ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کو درپیش موجودہ حالات پر حکومت کی مدد کریں اورکوویڈ 19 اور ٹڈی دل کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر اور رائے ا ن کے سامنے شیئر کریں‘ ہم نے کبھی مائنس ون کے بارے میں بات نہیں کی‘ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے‘جامشورو، نواب شاہ اور سندھ کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکاروں کو شاندار خراج عقیدت کرتے ہیں جنہوں نے کراچی اسٹاک ایکسچینج میں حملے کے دوران ہمت کا مظاہرہ کیا‘ ہم بیک وقت کورونا وباء‘ ٹڈی دل جیسے مسائل کا مقابلہ کر رہے ہیں‘ امیروں پر ٹیکس لگا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جانا چاہئے ۔

وہ بلاول ہائوس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے‘ اس موقع پر صدر پیپلز پارٹی پنجاب قمر زمان کائرہ، جنرل سیکرٹری چوہدری منظور، صدر خواتین ونگ پنجاب بیگم ثمینہ خالد گھرکی اور پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی سید حسن مرتضیٰ سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم نے کبھی مائنس ون کے بارے میں بات نہیں کی‘ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے‘ سندھ صوبہ میں عملی اور عوام دوست حکمرانی کا مظاہرہ کیا گیا ہے‘انہوں نے کہاکہ اے پی سی کا اجلاس بلانے کی حمایت کرتے ہیں اور امید ہے کہ مسلم لیگ (ن) جوش و جذبے کے ساتھ پیپلز پارٹی کے موقف کی حمایت کرے گی‘بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شہباز شریف جلد صحت یاب ہوں گے اور اے پی سی کے انعقاد کیلئے پیپلز پارٹی سے رابطہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی پارٹی ہے جس نے ہمیشہ عوام کے بنیادی حقوق کی بات کی‘انہوں نے کہاکہ سید خورشید شاہ سمیت ہمارے بہت سے پارٹی رہنمائوں نے مقدمات کا دلیری کے ساتھ سامنا کیا ہے‘سید یوسف رضا گیلانی کوویڈ 19 میں اس وقت متاثر تھے جب وہ عدالت میں پیش ہوئے تھے‘ پیپلز پارٹی کوئی این آر او نہیں چاہتی ‘مقدمات کا سامنا کریں گے‘انہوںنے جامشورو، نواب شاہ اور سندھ کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکاروں کو شاندار خراجعقیدت پیش کیا جنہوں نے کراچی اسٹاک ایکسچینج میں حملے کے دوران ہمت کا مظاہرہ کیا‘ انہوں نے کہا کہ ہم نے ان سب کیلئے انعامات کا اعلان کیا ہے‘ ہم ان شہدا ء کی قربانیوں کی وجہ سے کراچی میں پر امن زندگی گزار رہے ہیں، جنہوں نے ہماری معیشت کو بھی بچایا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ کوویڈ 19 نے ملکی معیشت پر بہت گہرے اثرات مرتب کئے ہیں‘ ینگ ڈاکٹرز کے رسک الائونس کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں‘ ڈاکٹروں، نرسوں اور ہیلتھ ورکرز سب کو رسک الائونس دیا جانا چاہئے کیونکہ انہوں نے اس موذی وباء کے خلاف اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالا ہوا ہے‘ ہم نے سندھ کے تمام ڈاکٹروں کو رسک الائو نس فراہم کیا ہے‘ انہوں نے کہا کہ پوری تاریخ میں ہمیں کبھی بھی اس طرح کے چیلنجوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا‘ ہم بیک وقت کورونا وباء‘ ٹڈی دل جیسے مسئلے کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امیروں پر ٹیکس لگا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جانا چاہئے ‘ انہوں نے کہاکہ صدر زرداری کے خلاف دو مقدمات ہیں، ایک معاملے میں انھیں عدالت آنے سے استثنیٰ حاصل ہے اور دوسرے مقدمہ میں نیب چاہتا ہے کہ وہ عدالت میں آئیں‘ ہمارے پائلٹ ہمارے اثاثے ہیں کیونکہ وہ پوری دنیا میں ان کی اعلی کارکردگی کے لئے مشہور ہیں‘ بہت سی ایئرلائنز نے پاکستانی پائلٹوں کو ملازمت میں رکھا ہے کیونکہ وہ دنیا میں بہترین ہیں۔