پاکستان سے سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ 5 ماہ سے معطل

برطانیہ، گلف اور متحدہ عرب امارات کے خریداروں نے سودے منسوخ کرنے کی دھمکی دے دی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 1 جولائی 2020 23:45

پاکستان سے سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ 5 ماہ سے معطل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جولائی2020ء) پاکستان سے سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ 5 ماہ سے معطل، برطانیہ، گلف اور متحدہ عرب امارات کے خریداروں نے سودے منسوخ کرنے کی دھمکی دے دی، صرافہ مارکیٹ کے تاجر پریشان، تفصیلات کے مطابق پاکستان سے سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ 5 ماہ سے معطل ہے جو کہ وزارت تجارت کے سرخ فیتوں کی منتظر ہے، برطانیہ، گلف اور متحدہ عرب امارات کے خریداروں نے سودے منسوخ کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

ایکسپورٹرز نے بتایا ہے کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ کے اجازت نامے جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے فروری تک ایکسپورٹ ہونے والے زیورات کی ترسیلات لانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے جو کہ زرمبادلہ کے قوانین کے مطابق مئی تک لائے جاسکتے تھے تاہم کورونا کی وبا اور لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر اسٹیٹ بینک نے برآمدی ترسیلات کی مدت میں مزید 90 روز کا اضافہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں سب سے زیادہ وہ ایکسپورٹرز متاثر ہورہے ہیں جو خریداروں سے ایڈوانس سونا لے کر زیورات تیار کرتے ہیں ایسے ایکسپورٹرز پر نادہندگی کی تلوار لٹک گئی اور غیرملکی خریداروں نے جرمانوں کے ساتھ ایڈوانس گولڈ کی واپسی کا مطالبہ کردیا ہے۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اسٹیٹ بینک کی 90 روز کی اضافی مہلت پر عمل نہ کرنا جیولری انڈسٹری کے ساتھ امتیازی رویہ ہے اس ضمن میں جیم اینڈ جیولری ٹریڈرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزارت تجارت کو بھیجے گئے مراسلے میں وزارت سے فوری مداخلت اور ایکسپورٹرز کی مشکلات کے خاتمہ کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میںبدھ کو سونے کی فی تولہ قیمت مزید 700روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 5200روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت12ڈالرکے اضافے سی1782ڈالرہوگئی جس کے زیر اثرملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت 700روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 5200روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 600روپے کے اضافے سے 90ہزار192روپے ہوگئی واضح رہے کہ سونے کی مزکورہ قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین قیمت ہے۔