''میں تین بار موت کے منہ میں گیا''

'میرے ساتھ والے بستر پر میری والدہ انتقال کرگئیں لیکن مجھے پتا نہیں تھا' کورونا کی وجہ سے 48دن تک کوما میں رہنے والے پاکستانی نژاد برطانوی باڈی بلڈر کے صحتیاب ہونے کے بعد درد بھری کہانی سامنے آگئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 2 جولائی 2020 00:46

''میں تین بار موت کے منہ میں گیا''
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جولائی2020ء) ''میں تین بار موت کے منہ میں گیا'' 'میرے ساتھ والے بستر پر میری والدی انتقال کرگئیں لیکن مجھے پتا نہیں تھا' کورونا کی وجہ سے 48دن تک کوما میں رہنے والے پاکستانی نژاد برطانوی باڈی بلڈر کے صحتیاب ہونے کے بعد درد بھری کہانی سامنے آگئی۔ محمد عظیم آج 48روز بعد ہسپتال سے گھر منتقل ہوگیا ہے لیکن یہ 48روز اس کی زندگی کے سب سے کٹھن اور دردناک 48دن تھے۔

محمد عظیم ایک باڈی بلڈر ہیں اور وہ برطانیہ میں بریڈفورڈ کے علاقے میں رہتے ہیں۔ کورونا وبا کے پھیلنے کے بعد محمد عظیم وائرس سے متاثر ہوئے اور وائرس نے انہیں اس قدر شدید متاثر کیا کہ وہ کوما میں چلے گئے۔ پاکستانی نژاد برطانوی باڈی بلڈر کی والدہ بھی کورونا کا شکار ہوئی تھیں جو کہ اسی کے وارڈ میں اس سے اگلے بستر پر تھیں جہاں وہ کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئیں۔

(جاری ہے)

عظیم کا کہنا ہے کہ انہیں ایسے لگتا ہے کہ انہیں تین بار موت آگئی تھی لیکن وہ زندہ بچ گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انکی والدہ انکے سامنے والے بستر پر تھیں اور وہیں انکی وفات ہوئی لیکن انہیں پتا بھی نہیں تھا کیونکہ وہ کوما میں تھے۔ عظم 48روز کوما میں رہ کر صحتیاب ہونے میں کامیاب ہوگئے اور اب وہ گھر شفٹ ہوچکے ہیں۔

عظیم کا کہنا ہے کہ کورونا کو مزاق نہ سمجھا جائے، یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، سماجی دوری بربرقرا رکھی جائے، ہاتھ دھو کر اور حفظانِ صحت کا خیال رکھ کر اس وبا سے بچا جائے۔ خیال رہے کہ مبینہ طور پر چین سے شروع ہونے والا کورونا وائرس پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے اور دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اب تک اس مہلک وائرس سے پانچ لاکھ 14 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بدھ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا میں وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں 27 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملک میں اب تک ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ کورونا وائرس کا پھیلاؤ پوری دنیا میں تیزی سے جاری ہے، دنیا کے مختلف ممالک میں 1,05,90,724افراد اس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ اب تک 5,14,020 افراد اس وبا کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔ دنیا میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 42,78,434 ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 27,27,853 ہے، ملک میں مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد 14,54,397 تک پہنچ گئی ہے۔