بھارت ، ریاست بہار میں شادی میں شرکت کے باعث 100 افراد کورونا میں مبتلا، دولہا ہلاک

جمعرات 2 جولائی 2020 10:45

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) بھارت کی ریاست بہار میں ایک شادی کی تقریب ایک سو افراد میں کورونا وائرس پھیلانے کا سبب بن گئی،کورونا میں مبتلا دولہا ہلاک ہو گیا لیکن شادی میں شریک 100 افراد کو کورونا میں مبتلا کر گیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ ماہ کے نصف میں ہونے والی ایک شادی میں 350 سے زیادہ افراد نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شرکت کی۔

دولہے کو شادی کے دوران اسہال کی شکایت ہوئی جسے کورونا وائرس کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔اسہال کی شکایت کے بعد دولہے کو پٹنا کے ہسپتال میں داخل کروانا پڑا لیکن مبینہ طور پر دولہے کے گھر والوں نے شادی کی تقریب کو منسوخ کرنے سے انکار کر دیا۔ بعد ازاں حقیقت کھلنے پر ابتدائی طور پر دولہے کے 15 رشتہ داروں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جو مثبت آئے اور اس کے بعد 24 سے 26 جون تک ایک سپیشل کیمپ لگا کر شادی میں شریک ہونے والے دیگر افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 86 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے جن کو آئسولیٹ کیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بھارت میں 50 سے زیادہ افراد شادی کی تقریب میں شریک نہیں ہو سکتے اور ضلعی انتظامیہ نے شادی کی تقریب میں 50 افراد سے زائد کی شرکت پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔بھارت کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔ ملک میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 66 ہزار 840 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 16 ہزار 900 کے قریب ہلاکتیں ہوئی ہیں۔