بھارت میں شادی کی تقریبات میں شرکت کرنے والے100افراد میں کورونا کی تصدیق

دولہا وائرس کا شکار تھا 26 سالہ نوجوان شادی کے دو روز بعد وہ وائرس سے ہلاک ہوگیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 2 جولائی 2020 11:11

بھارت میں شادی کی تقریبات میں شرکت کرنے والے100افراد میں کورونا کی تصدیق
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 جولائی ۔2020ء) بھارت میں شادی کی تقریب اور اس کے دو روز بعد کورونا سے ہلاک ہونے والے دولہے کی آخری رسومات میں شرکت کرنے والے تقریباً 100 سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے. بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے حکام نے بتایا کہ جس وقت شادی کی تقریب جاری تھی تب دولہا کورونا کے مہلک مرض سے شدید متاثر تھا انہوں نے بتایا کہ 26 سالہ نوجوان کی شادی 15 جون کو ہوئی جس کے دو روز بعد وہ وائرس سے ہلاک ہوگیا.

(جاری ہے)

ریاست کے دارالحکومت پٹنہ میں چیف میڈیکل افسر راج کشور نے بتایا کہ اب تک 111 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، متاثرہ افراد نے شادی یا دولہے کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی‘دوسری جانب ڈاکٹروں نے اس بات پر شک کا اظہار کیا کہ دولہے سے وائرس دیگر لوگوں کو لگا، کیونکہ دولہے کی آخری رسومات سے قبل ہی اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آئے.

اس ضمن میں راج کشور نے کہا کہ لگ بھگ 400 افراد جو شادی یا دولہے کی آخری رسومات میں شریک ہوتھے انہیں آئیسولیٹ کردیا جائے گا دولہا نئی دہلی میں ایک سافٹ ویئر انجینئر تھا جو شادی کے لیے محض ایک ہفتہ قبل گھر واپس آیا تھا اور شادی کے وقت اس میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر تھیں. دولہا کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن اس کے اہلخانہ نے ڈسچارج کرایا اور شادی کی تقریب میں 300 سے زائد مہمانوں کو مدعو کیا تاہم شادی کے دو روز بعد ہی وہ اپنے گھر پر انتقال کرگیا عہدیداروں نے بتایا کہ دلہن اور دولہا کے کسی رشتہ دار کا کورونا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا شادی اور آخری رسومات میں شریک افراد کی تعداد کے حوالے سے حکام نے سماجی فاصلے کے قواعد کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے.

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خطرے کو محدود کرنے کے لیے بھارت میں شادی میں 50 مہمانوں اور آخری رسومات میں 20 افراد کو شرکت کی اجازت ہے‘خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے 6 لاکھ سے زائد افراد متاثر جبکہ 17 ہزار اموات ہوچکی ہیں بہار میں کورونا وائرس سے 62 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں جبکہ 10 ہزار متاثرین ہیں. ماہرین کا خیال ہے کہ ٹیسٹنگ صلاحیت میں کمی کی وجہ سے اصل اعداد و شمار کہیں زیادہ ہیں دوسری جانب وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے کیسز میں اضافے کے باوجود لاک ڈاﺅن میں نرمی کردی ہے گزشتہ روز انہوں نے قوم کو خبردار کیا کہ وہ زیادہ محتاط رہیں.