بھارت سلامتی کونسل کا کراچی حملے پر مذمتی بیان رکوانے میں ناکام

سلامتی کونسل کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر اس مذمتی بیان کی حمایت کی اور پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا

جمعرات 2 جولائی 2020 13:44

بھارت سلامتی کونسل کا کراچی حملے پر مذمتی بیان رکوانے میں ناکام
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2020ء) بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے پر مذمتی بیان رکوانے میں ناکام ہو گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سلامتی کونسل کے بیان میں حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی میں ملوث عناصر، انکے سہولت کاروں، معاونین اور حامیوں کو قانون کے شکنجے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، بیان کا مطالبہ چین نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارتی سفارتکاری کو منہ کی کھانا پڑی، مودی حکومت کے ہزار جتن اور کوششوں کے باوجود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔ سلامتی کونسل کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر اس مذمتی بیان کی حمایت کی اور پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا۔جاری کردہ بیان میں شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی، دہشتگردوں، سہولت کاروں، معاونین اور حامیوں کو قانون کے شکنجے میں لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔