سعودیہ میں اہل خانہ سمیت مقیم پاکستانیوں کو اہم پیغام دے دیا گیا

خاندان کے سربراہ کے اقامے کی مُدت میں تین ماہ کے لیے بلامعاوضہ توسیع اسی صورت میں ہو گی اگرزیر کفالت افرادکے اقاموں کی مکمل فیس ادا کر دی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 جولائی 2020 13:16

سعودیہ میں اہل خانہ سمیت مقیم پاکستانیوں کو اہم پیغام دے دیا گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جولائی 2020ء) سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ اقامے کی تجدید کی کارروائی فیملی کے سربراہ کے اہل و عیال اور زیر کفالت افراد کی مکمل فیس ادا کیے بغیر نہیں کی جائے گی۔سعودی محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر اکاوٴنٹ پر بتایا کہ جو لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ فیملی سمیت ان کے اقامے میں 3 ماہ کی توسیع شاہی فرمان کی تعمیل میں فیس لیے بغیر کردی گئی تھی تو وہ غلطی پر ہیں، انہیں آئندہ 9 ماہ کی ہی فیس ادا کرنا ہوگی۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ لوگ اس حوالے سے غلط فہمی میں مبتلا ہیں، اہل خانہ اور زیر کفالت افراد کی مکمل فیس ادا کیے بغیر اقامے میں توسیع نہیں ہوگی،محکمہ پاسپورٹ نے غیرملکی کارکنان کے اہل خانہ پر واجب فیس کے حصول کا طریقہ کار واضح کرنے کے لیے باقاعدہ چارٹ بھی جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نجی اداروں کے غیرملکی کارکنان کو اپنے اہل وعیال، والدین، ساس، سسر، ڈرائیور اور ملازمہ کی ماہانہ فیس ادا کرنا ہوتی ہے اور یہ فیس اقامے کی تجدید کے وقت پورے سال کی پیشگی لے لی جاتی ہے۔

چند روز قبل سعودی حکومت کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ جن تارکین وطن کے اقاموں کی مُدت ختم ہو چکی ہے، وہ فوری طور پر ان زائد المیعاد اقاموں کی تجدید کروالیں، ورنہ انہیں جرمانے کا سامنا کرنا پڑ ے گا۔سعودی محکمہ پاسپورٹ (جوازات) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ رہائشی اقاموں کی فوری تجدید کروائیں، تاکہ جرمانوں سے محفوظ رہ سکیں۔ اگر کوئی تارک وطن اپنے زائد المیعاد اقامے کی تجدید نہیں کرواتا تو پہلی مرتبہ اس خلاف ورزی پر 500 ریال کا جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے کی رقم بڑھا کر دُگنی یعنی ایک ہزار ریال کر دی جائے گی۔

جبکہ تیسری بار اگر کوئی تارک وطن بروقت رہائشی اقامے کی تجدید نہیں کرواتا تو اسے مملکت سے بے دخل کر دیا جائے گا۔ تارکین وطن اپنے اقاموں کے کار آمد ہونے کا پتا چلانے کے لیے وزارت داخلہ کی آن لائن سروسز ابشر اور مقیم کی ویب سائٹس پر جا کر اپنا سٹیٹس پتا کروا سکتے ہیں۔ اپریل 2020ء میں جوازات کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ مملکت میں مقیم اور مملکت سے باہر تمام سعودی اقامہ ہولڈرزکے اقاموں کی مُدت میں تین ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ تاہم توسیعی مُدت کی تاریخ ختم ہونے کے بعد اقاموں کی تجدید کروانا لازمی ہو گا۔ اقاموں میں یہ توسیع 30 جون 2020 تک کے لیے کار آمد ہے۔