بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاںکر رہے ہیں، حریت رہنماء

جمعرات 2 جولائی 2020 13:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنمائوں الطاف حسین وانی ، مشتاق احمد بٹ اورسیداعجاز رحمانی نے کہا ہے کہ بھارتی دہشت گرد فوج مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کررہے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء اور جموں کشمیر نیشنل فرنٹ کے سینئر نائب چیئرمین ، الطاف حسین وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں اپنے 3 سالہ پوتے کے سامنے کشمیری شہری تین سالہ بچے کے سامنے اس کے نانا کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے نانا کی میت کے پاس روتے ہوئے کم سن بچے کی تصویر سے نہتے کشمیریوں پر بھارت کی فسطائیت اور ظلم و تشدد کی عکاسی ہوتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ اپنے نانا کی خون میں لت پت لاش کے پاس بیٹھے کم سن بچے کی تصویر عالمی ضمیر کو جگانے کے لئے کافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اس افسوسناک واقعے سے بھارتی فورسز کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوتی ہے ۔الطاف حسین وانی نے کہاکہ مئی میں بھی بھارتی فورسز نے کاواسا خالسہ گائوںایک گاڑی پر بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے ایک کشمیری نوجوان پری معراج الدین کو شہید کردیاتھا۔

حریت آزاد کشمیر کے رہنما اور جموں و کشمیر تحریک استقلال کے وائس چیئرمین مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سوپور میں اپنے کم سن نواسے کے سامنے شہید ہونیوالے کشمیری یشہری بشیر احمد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشیر احمد خان کا اپنے نو عمرنواسے کے سامنے قتل بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال اور انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاش روتے ہوئے بچے کی تصویر انتہائی تکلیف دہ اور دل دہلا دینے والے ظلم کی داستان ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماء اور جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے نائب چیئرمین سید اعجاز رحمانی نے اسلام اا باد سے جاری ایک بیان میںمقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی ،کشمیری نوجوانوںکے قتل عام اور جاری فوجی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے ۔

انہوںنے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے معمرکشمیری شہری بشیر احمد خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کیا۔ انہوںنے بشیر احمد خان سمیت بھارتی فوجیوںکی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں میںنہتے شہریوںکے قتل کے تمام واقعات کی غیر جانبدارنہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ سیداعجاز رحمانی نے بھارت پر زوردیا کہ وہ کشمیری عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوںکے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کرے ۔

انہوںنے کہا کہ بھارت ڈومیسائل کے نئے کالے قانون کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنا چاہتا ہے تاہم کشمیری عوام بھارت کو اس کے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو نے دیں گے ۔ جموںوکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی محمد عمران نے اسلام آباد سے جاری بیان میںنے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی ہے اورآئے روز مظلوم کشمیریوں کی نسل کشی ُکر رہا ہے اقوام متحدہ کو بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لینا چاہئے ۔قاضی عمران نے کہا کے بھارت جموں وکشمیر میں غیر ریاستی لوگوں کو آباد کرنے اور کشمیریوں کی نسل کشیُ میں مصروف ہے جس کی ہم پرزورمذمت کرتے ہیں ۔