دبئی ، سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے بلیک میل کرنے والے 20 گینگ گرفتار

جمعرات 2 جولائی 2020 14:14

دبئی ، سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے بلیک میل کرنے والے 20 گینگ گرفتار
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) دبئی پولیس نے ڈیٹنگ ایپس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے متعدد متاثرین کو بلیک میل کرنے والے 20 گروہوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے دبئی پولیس میں فوجداری تحقیقاتی شعبہ’سی آئی ڈی‘ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمال سالم الجالف نے بتایا کہ افریقی ملک سے تعلق رکھنے والے 20 گروہوں کے 47 ارکان نے ڈیٹنگ کی ایپ کے ذریعہ آن لائن فراڈکیے اور متاثرہ افراد کو بلیک میل کرتے اور خواتین کی تصاویر کے ساتھ اکاؤنٹ بناتے تھے ، جب متاثرہ شخص اس خاتون کے پتے پرجاتا تو اسے حیرت ہوتی کہ وہ تصویر میں دکھائی دینے والی لڑکی کی طرح نہیں ہے بعد میں گینگ کے ممبران اس شخص کا موبائل فون رقم اور کریڈٹ کارڈ وغیرہ چوری کرلیتے اور متاثرہ شخص کی لڑکی کے ساتھ غیر مہذبانہ تصاویر بنا کر دھمکی دیتے کہ اگر پولیس کو فون کیا تو وہ تصاویر سوشل میڈیا پر شائع کر دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے گروہ کے ممبروں کو پکڑنے کے لئے متعدد ٹیموں کے ذریعے انہیں دبئی اور دیگر امارات میں گرفتار کرلیا ہے۔گرفتار کیے جانے والوں میں 10 خواتین اور 37 مرد شامل ہیں جو کہ گرفتاری سے بچنے کے لئے وہ جعلی شناختی کارڈوں کے ساتھ اپارٹمنٹ کرایہ پر حاصل کر کے رہ رہے تھے۔