کویت میں انٹرنیشنل پروازیں یکم اگست سے بحال ہو جائیں گی

پہلے مرحلے میں روزانہ صرف 10 ہزار افراد کو سفر کی اجازت ہو گی جبکہ پروازوں کی گنتی 100سے زیادہ نہیں ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 جولائی 2020 14:46

کویت میں انٹرنیشنل پروازیں یکم اگست سے بحال ہو جائیں گی
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 جولائی 2020ء) کویت میں کورونا وائر س کی وبا کے باعث کافی عرصہ تک لاک ڈاؤن رہا، جس دوران تمام اندرونی و بیرونی فلائٹ آپریشنز بھی معطل کر دیئے گئے۔13 مارچ کے بعد سے اب تک کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کوئی بین الاقوامی پرواز نہ اُتری اور نہ ہی یہاں سے روانہ ہوئی ہے۔ کویت میں مقیم افراد اور کویت واپس آنے کے خواہش مند بہت بے چینی سے فلائٹ آپریشنز پر پابندی ہٹنے کے منتظر ہیں۔

تاہم اس سلسلے میں خواہش مندوں کو ابھی مزید ایک ماہ انتظار کرنا ہو گا۔ کویتی اخبار القبس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کویت کی سول ایوی ایشن نے کمرشل فلائٹس دوبارہ شروع کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تشکیل دے دیا ہے جس کے تحت یکم اگست 2020ء سے کویت کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کمرشل پروازوں کے لیے کھول دیا جائے گا، تاہم ابتداء میں فلائٹ آپریشنز محدود ہو گا۔

(جاری ہے)

مملکت میں فضائی آپریشنز کی مکمل بحالی اگست 2021ء تک ہی ممکن ہو سکے گی۔ سول ایوی ایشنز کے مطابق مملکت میں پروازوں کی بحالی کے لیے تین مراحل پر مبنی منصوبہ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ یکم اگست 2020ء سے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گا جو چھ مہینوں پر محیط ہو گا۔جس دوران کویت ایئرپورٹ پر ماضی کے مقابلے میں صرف 30 فیصد پروازوں کی آمد و رفت ہوگی۔پہلے مرحلے میں روزانہ صرف 10 ہزار افراد کو سفر کی اجازت ہو گی جبکہ روزانہ پروازوں کی گنتی 100سے زیادہ نہیں ہو گی۔

دوسرے مرحلے کا آغاز یکم فروری 2021ء سے ہو گا۔اس دوران ائیرپورٹ پر 60 فیصد تک فلائٹ آپریشنز بحال ہو جائے گا۔ جس کے بعد روزانہ 20 ہزار سے زائد افراد سفر کر سکیں گے اور 200 پروازوں کی روزانہ کی بنیاد پر آمد و رفت ممکن ہو سکے گی۔ جبکہ یکم اگست 2021ء کو تیسرے مرحلے کے آغاز میں کویت انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سو فیصد پروازیں بحال ہو جائیں گی۔ جس کے بعد یومیہ 30 ہزار سے زائد افراد سفر کر سکیں گے اور پروازوں کی یومیہ گنتی 300 تک پہنچ جائے گی۔ 

متعلقہ عنوان :