انگلینڈ کا دورہ ٹیسٹ کپتان اظہر علی کے لئے اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا سنہری موقع ہے، رمیز راجہ

جمعرات 2 جولائی 2020 15:21

انگلینڈ کا دورہ ٹیسٹ کپتان اظہر علی کے لئے اپنی صلاحیتوں کو منوانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ کپتانی سے انگلینڈ کے دورے پر بہت فرق پڑے گا، اظہر علی کے پاس اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا سنہری موقع ہے، کپتانی کرکٹ میں بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے کیونکہ کسی بھی مخالف ٹیم اور ان کی کھیل کو چیک کرنا اور کھلاڑیوں کی کمبینیشن اور حکمت عملی تک رسائی حاصل کرنا پڑتی ہے، اگر کپتان اچھا ہے تو وہ کمزور ٹیم کو بھی اوپر لے جا سکتا ہے لیکن اگر وہ ایسا نہیں ہے تو ایک مضبوط ٹیم کو بھی نہیں چلا سکتا۔

اپنے یوٹیوب چینل پر وڈیو پیغام میں کہا انہوں نے کہا کہ قومی ٹیسٹ کپتان اظہر علی کے لئے اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا یہ سنہری موقع ہے، آپ کو ہارنے کا خوف نہیں ہونا چاہئے اور ٹیم کو بہادری کے ساتھ آگے لے کر چلنا چاہئے، اظہر علی کو صرف اپنی بیٹنگ پر توجہ دینی چاہئے اور اسے کپتانی کا دبائو اپنے اوپر حاوی نہیں کر لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

ذرا سوچئے کہ آپ بلے باز ہیں اور آپ کو لازمی رنز کرکے ایک سنچری بنانی ہے۔

انہوں نے کہا ایک اچھے کپتان کی یہ نشانی ہے کہ وہ دونوں چیزوں کو الگ رکھتا ہے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان انگلینڈ کے خلاف 1992ء میں انگلینڈ میں ہونے والی سیریز کی یاد کو بھی تازہ کرسکتا ہے جو ہم جیت گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت وسیم اکرم، وقار یونس اور مشتاق احمد کی طرح بہترین باصلاحیت بائولنگ اٹیک تھا۔ موجودہ ٹیم میں ہمارے پاس فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ، نسیم شاہ اور اسپنر یاسر شاہ ہیں۔

رمیز راجہ نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کمزور ہے، پاکستان کوانگلینڈ ٹیم کے خلاف ٹاپ اسپن اور لائن لینتھ کے ساتھ بائولنگ کرنی چاہئے، اس بات کا امکان ہوسکتا ہے کہ تھوک پابندی کی وجہ سے باؤلرز کو ریورس سوئنگ نہیں ملے گی لہذا باؤلرز مستقل لائن اور لینتھ پر بولنگ کریں۔ اگر اظہر علی اچھی کپتانی کرتے ہیں تو ہم سیریز جیت سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلے بازوں کو کریز پر کھڑا ہونا چاہئے جبکہ اوپنرز کو 20 سے 30 اوور کا کھیل کھیلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں سٹار بننے اور میڈیا کیلئے بہت اہم ہے کیونکہ دنیا اسے دیکھ رہی ہو گی۔