ضلع جیکب آباد کی سماجی شخصیت نواب علی بھٹی کا پاکستان مسلم الائنس میں شمولیت کا اعلان

جمعرات 2 جولائی 2020 15:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2020ء) ضلع جیکب آباد کی سماجی و سیاسی شخصیت و سابقہ امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 96 نواب علی بھٹی ‘ محمد شعبان بھٹی اور فیاض احمد نے ایک وفد کیساتھ چیئر مین پاکستان مسلم الائنس امان الله خان پراچہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے ہزاروں ساتھیوں کے ہمراہ پارٹی میں غیر مشروط طور پر شرکت کا اعلان کیا اور پاکستان مسلم الائنس کے منشور اور ان کی سیاسی سماجی اور بین الاقوامی معاملات پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور آنے والے بلدیاتی اور قومی و صوبائی انتخابات میں پارٹی کے ساتھ بھر پور تعاون کا یقین دلایا ملاقات کے دوران امان الله خان پراچہ نے پیٹرول کی قیمتوں میں بلا جواز اضافے کو سختی سے رد کیا اور حکومت کو واضح کیا اس طرح کے اقدامات سے حکومت خود اپنے ہی وزن سے گر جائے گی ۔

(جاری ہے)

اور 2020ء نئے انتخابات کا سال ہوگا اور انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہداء کے لواحقین سے بھر پور اظہار ہمدردی کیا اور چیمبر آف کامرس کے تمام عہدیداران کو اپنی پارٹی کی طرف سے بھر پور حمایت کا یقین دلایا ۔ انہوں نے پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز ‘ پولیس و رینجرز کی بہادری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ گورنمنٹ آف پاکستان لواحقین کو فوری طور پر کم از کم دو دو کروڑ روپے معاوضہ ادا کرے ۔ اور شہداء کے خاندان سے ایک ایک بندے کو گورنمنٹ نوکری دی جائے ۔ ملاقات میں امان الله خان صاحب کے کو آرڈینیٹر اعجاز حسین قریشی بھی موجود تھے ۔