Live Updates

تحریک انصاف کا ووٹ بینک کسی کی خواہش سے ختم نہیں ہوگا ، ہمایوں اختر خان

جمعرات 2 جولائی 2020 16:33

تحریک انصاف کا ووٹ بینک کسی کی خواہش سے ختم نہیں ہوگا ، ہمایوں اختر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا ووٹ بینک کسی کی خواہش سے ختم نہیںہوگا ، حکومت نہ صرف اپنے پانچ سال مکمل کرے گی بلکہ آئندہ عام انتخابات میں اس کے ووٹ بینک میں مزید اضافہ ہوگا ، ڈوبتی ہوئی سیاست کو بچانے کیلئے اگر اپوزیشن سیاسی بڑھکیں بھی نہ لگائے تو کیا کرے اس کے پاس کرنے کیلئے کیا کام ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 131کے اکابرین اور میڈیا نمائندوں سے ویڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جس زعم میں مبتلا ہے وہ اسے کہیں کا نہیں چھوڑے گا بلکہ ان کی خوش فہمی وقت آنے پر دور ہو جائے گی۔ 2018ء میں وزیر اعظم عمران خان نے انتہائی مشکل حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی اور ہم ابھی ملک کو درست سمت میں گامزن کرہی رہے تھے کہ کورونا وائرس کی وبا ء آ گئی جس نے پوری دنیا کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمرا ن خان کا واضح اعلان ہے کہ جو بھی حالات ہوں کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے کیونکہ عوام نے ہمیں احتساب کے نام پر ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی یہ تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں کہ تحریک انصاف کا ووٹ بینک عمران خان کی وجہ سے ہے اور اس کا 31فیصد ووٹ بینک کسی کی خواہشات سے ختم نہیں ہوگا۔ملک کے مفاد میں غیر معمولی فیصلوں کی وجہ سے جو لوگ تحریک انصاف کی مقبولیت میںکمی کے اندازے لگا رہے ہیں وہ غلطی پر ہیں اور انشا اللہ پانچ سال بعد جب دوبارہ انتخابات ہوں گے تو تحریک انصاف کا ووٹ بینک مزید بڑھے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات