بھارتی فوج درندہ صفت بن چکی ،مشتاق احمد منہاس

ننھے نواسے کے سامنے نانا کا قتل بھارتی فوج کے اس اقدام کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

جمعرات 2 جولائی 2020 16:51

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2020ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ بھارتی فوج ایک درندہ صفت فوج بن چکی ہے۔ننھے نواسے کے سامنے نانا کا قتل بھارتی فوج کے اس اقدام کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔مودی اب کشمیر کا بھی قصاب بن چکا ہے۔اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہے اور تمام اصولوں کو پامال کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج ایک دہشت گرد فوج ہے جو معصوم بچوں تک کو نشانہ بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام پر عالمی برادری کو اب اپنی بے حسی ختم کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارتی فوج کی اس بربریت کا نوٹس لے اور بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دے جس کا وعدہ اسنے اقوام متحدہ میں کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک طرف غیر کشمیریوں کو دھڑا دھڑ ڈومیسائل جاری کر رہا ہے اور دوسری جانب کشمیریوں کی نسل کشی جاری رکھے ہوے ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے کیونکہ ان بھارتی اقدامات سے خطے کا امن خطرے سے دوچار ہو گا ۔