ملائیشین سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی پائلٹوں کو جہاز اڑانے سے روک دیا

پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے 3 جولائی تک پائلٹس کی مکمل تفصیلات مانگ لیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 2 جولائی 2020 17:24

ملائیشین سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی پائلٹوں کو جہاز اڑانے سے ..
ملائیشیا (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-02 جولائی ۔2020ء) ملائیشین سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی پائلٹوں کو جہاز اڑانے سے روک دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی پائلٹس کے مشکوک لائسنس کے معاملے میں تمام ہوابازی کے اداروں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی عارضی طور پر لگائی گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی لائسنس کے حامل پائلٹوں کی معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی تصدیق کے بعد ہی ان پائلٹوں کو جہاز اڑانے کی اجازت دی جائے گی۔پاکستان سول ایوی ایشن سے 3 جولائی تک پائلٹوں کی مکمل تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ عدم دستیابی پر پاکستانی لائسنس کے حامل پائلٹوں کو روک دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ویتنام کی سول ایوی ایشن کے حکام نے مبینہ جعلی لائنسس اسکینڈل سامنے آنے کے بعد متعلقہ وزارت کی ہدایت پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے 27 پائلٹس کو معطل کر دیا ہے۔

ویتنام کی سول ایوی ایشن (سی اے اے وی) کے ڈائریکٹر ڈنھویٹ تھنگ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ وزارت ٹرانسپورٹ کی ہدایت پر دو روز قبل کیا گیا تھا جو کہ جمعرات کو نافذ العمل ہوا ہے۔ گراؤنڈ کیے جانے والوں میں وہ پائلٹس ہیں جنہیں پاکستان کی جانب سے لائسنس جاری کیے گئے تھے۔ پائلٹس گزشتہ کئی برس سے ویتنام میں کام کر رہے تھے۔سی اے اے وی کے ایگزیکٹو کے مطابق ہمیں پاکستانی سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے جائزہ رپورٹ کا انتظار ہے جس میں طے ہوگا کہ آیا ان پائلٹس نے جعلی لائسنس حاصل کیا تھا یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن پائلٹس کے پاس مصدقہ لائسنس ہوگا انہیں دوبارہ کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ ان کے لائسنس اور قابلیت قانونی ثابت ہوئی تو معطلی ختم کر دی جائے گی۔وزیر ٹرانسپورٹ نے پاکستان سے پائلٹس کے لائسنسوں پر نظرثانی کرنے کی درخواست کی ہے۔خیال رہے کہ پاکستان حکام کی جانب سے گزشتہ روز کہا گیا تھا کہ 860 پاکستانی پائلٹس میں سے 260 کے پاس مشکوک لائسنس ہیں، تاہم ان کی چھان بین کی جارہی ہے۔ مشتبہ پائلٹس کے لائسنس کے معاملے پر وزارت ہوابازی کی جانب سے 262 پائلٹس کی فہرست جاری کی گئی تھی، جس میں پی آئی اے کے 141، ائیر بلیو کے 9 اور سرین ائیرکے 10 پائلٹس کے لائسنس مشتبہ قرار دیئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :