بزدار حکومت ایک اور قدم آگے،تعمیراتی شعبہ کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات،متعلقہ این او سی کا اجراء آسان بنا دیا گیا

تعمیراتی شعبے سے متعلقہ این او سی اب ای خدمت مراکز سے ون ونڈ کے ذریعے حاصل کئے جا سکیں گے‘وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

جمعرات 2 جولائی 2020 20:07

بزدار حکومت ایک اور قدم آگے،تعمیراتی شعبہ کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات،متعلقہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے تعمیراتی شعبہ کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ ای گورننس پر مبنی محکمانہ اصلاحات کے ذریعے تعمیراتی شعبہ سے متعلقہ این او سی کا اجراء آسان بنا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبے سے متعلقہ این او سی اب ای خدمت مراکز سے ون ونڈ کے ذریعے حاصل کئے جا سکیں گے۔

نجی، کمرشل یا صنعتی تعمیرات کیلئے اجازت ناموں/این او سی کے حصول کیلئے اب برسوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔این او سی کا اجراء آئندہ مقرر کردہ مدت میں چند ہفتے میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نقشوں کی منظوری، تکمیل تعمیر سر ٹیفکیٹ، جگہ کے استعمال میں تبدیلی کا این او سی یا نجی رہائشی کالونیوں کی منظوری سے متعلقہ اجازت نامے نئے شیڈول کے تحت ملیں گے۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں پنجاب کے 9 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں قائم ای خدمت مراکز میں ان سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عوام کو فائلیں اٹھائے متعدد سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے نجات ملے گی اور کرپشن کا ایک اور دروازہ بند کر دیا گیا ہے۔ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، کارپوریشنز اور ایجنسیوں سے متعلقہ دستاویزات ای خدمت مرکز میں ایک چھت تلے میسر ہوں گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ان اصلاحات سے معیشت کا پہیہ بھی رواں دواں رہے گا اور کنسٹرکشن سیکٹر میں نوکریوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔صارفین اپنی درخواستوں کا سٹیٹس جاننے کیلئے ای خدمت پورٹل یا موبائل اپ کے علاوہ 08009100 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔