امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی، جبکہ سعودی ریال اور اماراتی درہم مہنگے ہوگئے

جمعرات کے روز اوپن کرنسی مارکیٹ میں سعودی ریال 20پیسے اوریو اے ای درہم کی قدر میں15پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

جمعرات 2 جولائی 2020 23:05

امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی، جبکہ سعودی ریال اور اماراتی درہم مہنگے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2020ء) امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی، جبکہ سعودی ریال اور اماراتی درہم مہنگے ہوگئے، جمعرات کے روز اوپن کرنسی مارکیٹ میں سعودی ریال 20پیسے اوریو اے ای درہم کی قدر میں15پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کی چوتھے روز کے دوران روپے نے امریکی ڈالر کا کس بل نکال دیا۔

امریکی ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 17 پیسے کی کمی ہوئی۔جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 168 روپے 5 پیسے سے کم ہو کر 166 روپے 88 پیسے کہ سطح پر پہنچ گئی۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک بھر میں امریکی کرنسی کی قدر میں مزید گراوٹ متوقع ہے۔کیونکہ عالمی اداروں کی طرف سے ملنے والی امداد سے بیرونی ادائیگیوں میں آسانی پیدا ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

جس کے باعث روپیہ وقتی طور پر مضبوط ہونے کی طرف گامزن ہے۔ جمعرات کو انٹر بینک کرنسیوں کی لین دین بند رہی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی جب کہ برطانوی پاونڈ کی قدر میں2روپے ،سعودی ریال 20پیسے ،یوے ای درہم کی قدر میں15پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یورو کی قدر میں 10پیسے کی کمی ہوئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق یکم جولائی کو بینک تعطیل کے باعث کرنسیوں کی لین دین معطل رہی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید167.80روپے اور قیمت فروخت168.30روپے مستحکم رہی۔

دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید185روپے سے گھٹ کر184.50روپے اور قیمت فروخت187روپے سے گھٹ کر186.50روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید203روپے سے بڑھ کر205روپے اور قیمت فروخت205روپے سے بڑھ کر207روپے ہوگئی۔سعودی ریال کی قیمت خرید43.80روپے سے بڑھ کر44روپے اور قیمت فروخت 44.20روپے سے بڑھ کر44.50روپے ہوگئی جب کہ یواے ای درہم کی قیمت خرید44.85روپے سے بڑھ کر45.10روپے اور قیمت فروخت45.25روپے سے بڑھ کر45.60روپے ہوگئی۔