این ای سی اجلاس میں سوات موٹروے فیزٹوکے پی سی ون کی منظوری متوقع

جمعرات 2 جولائی 2020 23:35

پشاور۔02جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) سوات موٹروے فیزٹو کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کا پی سی ون سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی منظوری کے بعد حتمی منظوری کیلئے قومی اقتصادی کونسل کو بھیجا گیا ہے اورا س مہینے کی چھ تاریخ کو ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں اس پی سی ون کی حتمی منظوری متوقع ہے ، سوات موٹروے فیزون پر کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، سڑک کی تعمیر کے علاوہ چکدرہ انٹرچینج، مین ٹنلز اور پلوں کی تعمیر پر کا م مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ پرکام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ اگست کے آخر تک فیزون کو ٹریفک کیلئے باقاعدہ طور پر کھول دیا جائے گا۔

یہ بات جمعرات کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقدہ ایک اجلا س میں بتائی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سوات موٹروے فیزون کی تکمیل اور فیزٹوپر کام کے آغاز کے علاوہ پشاور ڈی آئی خان موٹروے پراجیکٹ کی فیزبیلٹی سٹڈی پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیراور رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان کے علاوہ محکمہ مواصلات و تعمیرات ، محکمہ منصوبہ بندی اور پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا صورتحال کی وجہ سے کچھ عرصے کیلئے ان منصوبوںپر کام کی رفتار سست پڑ گئی تھی تاہم اس وقت کام زور و شور سے جاری ہے اور نئی ٹائم لائنز کے مطابق ان منصوبوں پر عملی پیشرفت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے سوات موٹروے منصوبے کو پورے ملاکنڈ ڈویژن کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس منصوبے کی تکمیل سے ملاکنڈ ریجن میں سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

اُنہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سال اگست کے آخر تک سوات موٹروے فیزون کی تکمیل کو ہرلحاظ سے یقینی بنایا جائے جبکہ متعلقہ فورم سے پی سی ون منظور ہوتے ہی فیزٹو کیلئے درکار زمین کی خریداری کے عمل کو بلاتاخیر شروع کیا جائے ۔ پشاور ڈی آئی خان موٹروے منصوبے کی فیزبیلٹی سٹڈی پر پیشرفت کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ منصوبے کا پی سی ٹو منظور ہو گیا ہے جبکہ منصوبے کی کمرشل اور فنانشل فیزبیلٹی کا پی سی ون اس سال ستمبر تک تیار کرکے منظوری کیلئے متعلقہ فورم کو پیش کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پشاورڈی آئی خان موٹروے منصوبے کی فیزیبلٹی سٹڈی کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کو کو یقینی بنایا جائے۔