نون لیگ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا

چینی کا مسئلہن ختم ہونے والا نہیں ہے چینی آج بھی 85 روپے میں فروخت ہو رہی ہی. شاہد خاقان عباسی

جمعرات 2 جولائی 2020 23:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ ‘’فرینڈزآف خان’’ کی رخصتی قریب ہے ، یہ ملکی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، مائنس ون نہیں بلکہ مائنس پی ٹیآئی ہونے والا ہے، جبکہ ن لیگ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کردیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے جمعرا ت کو یہاں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اپنی انا کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی کر رہے ہیں،اپوزیشن نہیں بلکہ حکمران خود کو اپنے کارناموں کی وجہ سے مائنس کر رہے ہیں۔

ہوائی قسم کے حکمرانوں نے تباہی کی، اب ان کے جانے کا وقت آ گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کارکردگی نے ہر ادارے پر سوال کھڑا کر دیا ہے۔ طیارہ حادثے کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی۔ کیا یہ حکمران پاکستان کے دوست ہیں انہوں نے الزام عائد کیا کہ گلگت بلتستان میں افسران کو سیاسی رشوتیں دی جا رہی ہیں۔ دھاندلی کی اجازت نہیں دیں گے۔

شفاف الیکشن کروائے جائیں، ہم کسی قسم کا تنازع افورڈ نہیں کر سکتے۔مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز پیش آنے والے دلخراش واقعے پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تین سالہ بچے کے سامنے اس کے نانا کو بھارتی فوج نے شہید کیا۔ اس تصویر نے پوری دنیا کو ہلا کے رکھ دیا ہے۔لیگی رہنما نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو ایک سال پورا ہونے کو ہے لیکن ہماری حکومت تقریروں کے علاوہ کچھ نہیں کر سکی۔

کشمیر میں ہر روز ننھے بچوں کے سامنے ان کے والدین کو شہید کیا جا رہا ہے لیکن ہماری حکومت نے ایک سال ضائع کردیا۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ کشمیر کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر وزیراعظم کو امریکی، برطانوی صدور اور تمام سلامتی کونسل کے ارکان کو فون کرکے اس تصویر پر بات کرنی چاہیے تھی۔ کشمیر پر قوم وزیراعظم کا گناہ معاف نہیں کرے گی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہو رہا ہی.گلگت بلتستان سے متعلق بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جی بی میں آزاد، شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کروائے جائیں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کی جاری اسکیموں پر بھی پابندی لگائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں افسروں کے تبادلے کیے جارہے ہیں.۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ووٹ ضمیر کی آواز ہوتی ہے۔ اگر کسی نے اپنا ضمیر بیچا تو اللہ کے سامنے جوابدہ ہوگا۔ پی ئی اے کی بیرون ممالک فلائٹس کی پابندی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لائسنس حکومت نہیں بلکہ سول ایوی ایشن جاری کرتی ہے۔ یہ 262 پائلٹس کے روزگار اور پاکستان کی عزت کا مسئلہ ہے۔ پرسوں ذاتی حیثیت میں پائلٹ کے مسئلے پرپریس کانفرنس میں حقائق پیش کرونگا۔

چینی سکینڈل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پرانے ٹینڈر پر جا کر 8 ہزار 300 روپے فی ٹن کے حساب سے زیادہ پیسے دے کر چینی لی گئی۔ سپریم کورٹ اس کا سوموٹو نوٹس لے، ہم بھی پٹیشن فائل کریں گے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کے کرپشن کے اتنے باب ہیں کہ ختم ہی نہیں ہونگے۔ اکیس مہینے سے پاکستان میں چینی کا مسئلہ چل رہا ہے۔ چینی پچاسی روپے میں بک رہی ہے اور حکومت کو پرواہ نہیں، کمیشن کا کام تھا یہ دیکھنا کہ چینی کیوں مہنگی ہوئی وہ کمیشن نے نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی تاریخ کی سب سے کرپٹ حکومت ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز میں عمران خان نے دیگر محکموں کی طرح اپنے دوستوں کو لگایا ہوا ہے۔ یہ حکومت جائیگی تو پتا چلے گا کہ کس قماش کے لوگ بیٹھے تھے۔