متحدہ عرب امارات میں کل نماز جمعہ کے اجتماعات نہیں ہوں گے

3 ماہ کے طویل وقت کے بعد امارات میں نماز کی ادائیگی کیلئے مساجد کھل چکیں، تاہم نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت تاحال نہیں دی گئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 جولائی 2020 22:32

متحدہ عرب امارات میں کل نماز جمعہ کے اجتماعات نہیں ہوں گے
ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 2 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کل نماز جمعہ کے اجتماعات نہیں ہوں گے، 3 ماہ کے طویل وقت کے بعد امارات میں نماز کی ادائیگی کیلئے مساجد کھل چکیں، تاہم نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت تاحال نہیں دی گئی۔ خلیجی خبر رساں ادارے کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مقیم فرزندان اسلام کی جانب سے جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کل بروز جمعہ کو مساجد میں نماز جمعہ ادائیگی کی اجازت ہوگی یا نہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اماراتی حکومت کے فیصلے کے تحت امارات کی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہوگی۔ کل نماز جمعہ کے وقت امارات کی تمام مساجد بند رہیں گی۔ فی الحال مساجد میں محدود حد تک دیگر تمام نمازوں کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کرونا وائرس پھیلاو کے باعث مملکت کی تمام مساجد مارچ میں بند کر دیں تھیں۔

پھر 3 ماہ کے طویل وقت کے بعد 3 روز قبل متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بالآخر مساجد کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلان کیا گیا کہ یکم جولائی سے متحدہ عرب امارات کی تمام مساجد کھول دی جائیں گی۔ نمازیوں کو مساجد میں نماز کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔ جبکہ دیگر عبادت گاہیں بھی کھول دی جائیں گی۔ واضح کیا گیا نماز جمعہ کے علاوہ ہفتے کے بقیہ ایام میں تمام 5 وقت کی نمازیں مسجد میں ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔

جبکہ انڈسٹریل علاقوں، محنت کشوں کے رہائشی علاقوں، شاپنگ مالز اور پبلک پارکس میں واقع مساجد تاحال بند رہیں گی۔ کسی بھی مسجد یا عبادت گاہ کی کل گنجائش کے صرف 30 فیصد تک نمازیوں اور عبادت کرنے والوں کے داخلے کی اجازت ہوگی۔ نمازیوں کو جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ 12 سال سے کم عمر بچے اور بزرگوں کو مساجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مساجد میں وضو کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ بیمار افراد اور ایسے افراد جو کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کیساتھ میل جول رکھ چکے ہوں، انہیں بھی مساجد کا رخ نہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ مساجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے اہم ہدایات کچھ روز قبل ہی جاری کر دی گئی تھیں۔ ان ہدایات کے مطابق مساجد کو اذان کی ادائیگی سے لے کر نماز کی ادائیگی تک صرف 20 منٹ کیلئے کھولا جائے گا۔

اذان سے قبل یا نماز کی ادائیگی کے بعد کسی کو بھی مسجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نمازیوں کیلئے لازم ہے کہ وہ گھر سے وضو کر کے آئیں، جبکہ انہیں مصلیٰ بھی گھر سے اپنے ساتھ ہی لانا ہوگا۔ باجماعت نماز کی ادائیگی کیلئے لازم ہوگا کہ نمازیوں کے درمیان ایک صف خالی چھوڑی جائے، جبکہ 2 نمازیوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھنا ہوگا۔

مسجد میں 60 سال سے زائد اور 12 سال سے کم عمر بچوں کا داخلہ منع ہو گا۔ تمام نمازیوں کو دستانے اور فیس ماسک پہننا ہوں گے۔ مسجد میں ایک دوسرے سے گلے ملنے اور مصافحہ کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ایسے لوگ جو بیمار ہوں یا جن کے عزیز کرونا وائرس میں مبتلا ہوں، ان پر بھی مسجد میں داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔ اذان کے فوری بعد باجماعت نماز کی ادائیگی ہوگی، دوسری مرتبہ جماعت کا اہتمام نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مسجد میں کھانے پینے کی چیزیں لے جانے اور بانٹنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔