متحدہ عرب امارات کورونا وائرس کو تیزی سے شکست دینے کی کوششوں میں مصروف

ایکٹیو کیسز کی تعداد کم رہ گئی، بیشتر مریض صحتیاب ہوگئے، گزشتہ 24 گھںٹوں کے دوران 400 کیسز اور 1 موت رپورٹ ہوئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 جولائی 2020 23:07

متحدہ عرب امارات کورونا وائرس کو تیزی سے شکست دینے کی کوششوں میں مصروف
ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 2 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کیسز میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ وزارت صحت کی آج کی پریس بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ امارات میں کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے ہیں، جبکہ یومیہ کیسز کی گنتی بھی گھٹ رہی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 400 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی49,469 ہو گئی ہے۔

جبکہ زیر علاج افراد کی گنتی گھٹ کر 10ہزار کے لگ بھگ رہ گئی ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 504 مریض صحت یاب ہو گئے۔ اسی طرح اب تک مملکت میں کورونا کے 38,664 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ مملکت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کوروناسے صرف ایک ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی کُل گنتی 317 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

اب تک مجموعی طور پرلاکھوں افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں، جن کا تعلق مختلف علاقوں اور پیشوں سے ہے۔

واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ گھروں میں قرنطینہ اختیار کرنے والے افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے تک گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں کوگھریلو قرنطینہ کی پہلی بار خلاف ورزی پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم کا جرمانہ اور چھ ماہ تک قید ہو گی۔

وزارت کے مطابق دو قسم کے افراد گھریلو قرنطینہ اختیار کریں گے، پہلے تو وہ لوگ جن کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے باعث وہ مصدقہ مریض بن چکے ہوں، جبکہ جو افراد کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں سے رابطے میں رہے ہوں گے، انہیں بھی خود کو اور اس بارے میں محکمہ صحت کا بھی آگاہ کرنا ہو گا۔ ان افراد کو اس وقت تک گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی، جب تک ان کے ٹیسٹ نیگیٹو نہیں آئیں گے۔

گھروں پر قرنطینہ اختیار کرنے والوں کو الیکٹرانک بریسلیٹ پہننی ہو گی، جو محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ حکام کو کسی شخص کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں فوری پتا چل جائے۔ اس کے علاوہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں الحوسن ایپ بھی سمارٹ فونز پر ڈاوٴن لوڈ کرنا ہو گی اور اس پر اپنی رجسٹریشن کروانا لازمی ہے۔