رہزنی و چوری کی مختلف وارداتوں میں اسلام آباد کے شہری چالیس لاکھ روپے اور دو قیمتی گاڑیوں سے محروم

جمعرات 2 جولائی 2020 23:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں رہزنی و چوری کی مختلف وارداتوں میں شہری چالیس لاکھ روپے نقدی اور دو قیمتی گاڑیوں سے محروم ہو گئے۔ محمد عرفان نے رمنا پولیس کو بتایا کہ نا معلوم ملزموں نے میرے گھر واقع جی الیون فور میں داخل ہو کر زیورات، گھڑیاں، ریال اور نقدی 25 لاکھ روپے چوری کر لی۔

محمد شریف نے سہالہ پولیس کو بتایا کہ وقار اور مسعود نے اوکاڑہ سے گاڑی شہ زور ایس ٹی ایل103 بک کرائی اور روات کے قریب چھین لی۔

(جاری ہے)

برما ٹاون کے معراج دین نے کھنہ پولیس کو بتایا کہ نا معلوم ملزموں نے میری دکان کے تالے توڑ کر 45 ہزار روپے چوری کر لیے۔ ڈاکٹر شاہ گل نے شالیمار پولیس کو بتایا کہ نا معلوم افراد نے ایف ٹین مرکز سے میری کرولا کار ایف زیڈ 722 مالیتی 20 لاکھ چوری کی ہے۔

احمد فراز نے گولڑہ پولیس کو بتایا کہ گھریلو ملازمہ نے زیورات مالیتی 5 لاکھ چوری کیے ہیں۔ ای الیون کے ڈاکٹر احسن نے گولڑہ پولیس کو بتایا کہ میرے گھر کے تالے توڑ کر زیورات دیگر سامان و نقدی دس لاکھ روپے چوری کی گئی ہے۔ محمد بنارس نے گولڑہ پولیس کو بتایا کہ میری جیب سے زبردستی 62 ہزار روپے نکالے گئی ۔پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔