میانمارمیں مٹی کے تودے گرنے سے 160کان کن ہلاک

شدید بارش کے باعث ایک پہاڑ کا کچھ حصہ الگ ہوگیا جس سے مٹی کے تودے کان کنوں پر آکر گرے،حکام

جمعہ 3 جولائی 2020 12:36

ینگون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) شمالی میانمار میں مٹی کے تودے گرنے سے قیمتی پتھر کی کان میں کام کرنے والے 160 مزدور ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کی سرحد کے ساتھ ریاست کاچن میں مٹی کے تودے شدید بارش کے باعث گرے، جہاں سے ہر ساتھ اربوں ڈالر کے قیمتی پتھر نکالے جاتے ہیں۔شدید بارش کے باعث ایک پہاڑ کا کچھ حصہ الگ ہوگیا جس سے مٹی کے تودے کان کنوں پر آکر گرے۔

میانمار کے محکمہ فائر سروسز نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا کہ مٹی کے تودے گرنے سے درجنوں مزدور ان کے نیچے دب گئے تھے۔فائر ڈپارٹمنٹ اور مقامی پولیس سمیت ریسکیو ورکرز نے لاشیں نکالنے کے لیے شدید بارش کے باوجود دن بھر کوششیں کیں اور 162 مزدوروں کی لاشوں کو خراب حالت میں نکال لیا گیا۔

(جاری ہے)

محکمہ فائر سروسز کا کہنا تھا کہ مٹی تودے گرنے سے 54 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں علاج کے لیے قریبی ہسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ تھان وِن اونگ نے کہا کہ شدید بارش کے دوران کان میں کام کرنا بڑا چیلنج ہے جبکہ اس سے ایک اورکان کے بیٹھنے کا خطرہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم پانی کے اندر موجود لاشیں نہیں ڈھونڈ سکتے اس لیے ہم صرف وہ لاشیں نکال رہے ہیں پانی کی سح پر آگئی ہیں۔شمالی میانمار کے علاقے ہپکانت کی کانوں میں خطرناک لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے قیمتی پتھروں کی تلاش کے لیے کام کرنے والے مزدوروں کی جان کو خطرہ لاحق رہتا ہے۔مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد مون سون کی بارشوں کے دوران کانوں میں کام نہ کرنے کی تنبیہ کر نظر انداز کرتے ہوئے وہاں کام کر رہے تھے۔