بھارتی حکومت نے 33 روسی جنگی طیاروں کی خریداری کی منظوری دے دی

وزارت دفاع نے روس میں تیار ہوا سے مار کرنے والے میزائلوں ایئر ٹو ایئر میزائلکی خریداری کی بھی منظوری دیدی

جمعہ 3 جولائی 2020 12:36

بھارتی حکومت نے 33 روسی جنگی طیاروں کی خریداری کی منظوری دے دی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) بھارتی حکومت نے 33 روسی لڑاکا طیاروں کی خریداری اور 59 طیاروں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی۔یہ منظوری ایسے وقت پر دی گئی جب چین اور بھارت مغربی ہمالیہ میں متنازع سرحدی علاقے لداخ میں آمنے سامنے ہیں۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے بتایا کہ 21 میگ 29 اور ایک درجن ایس یو 30 جیٹ طیاروں کی منظوری دے دی جس پر مجموعی طور پر 2 ارب 43 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ 59 دیگر میگ 29 کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ مذکورہ خریداری کا مقصد اپنے فائٹر اسکواڈرن کی استعداد کو بڑھانے کے لیے ایئر فورس کی طویل المیعاد ضرورت کو پورا کرنا ہے۔حکام نے بتایا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گزشتہ ماہ ماسکو کے دورے میں روسی جنگی طیاروں کی فراہمی کو فوری یقینی بنانے پر زور دیا تھا۔وزارت دفاع نے روس میں تیار ہونے والے ہوا سے مار کرنے والے میزائلوں (ایئر ٹو ایئر میزائل)کی خریداری کی بھی منظوری دی ہے۔اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سے فضائیہ کی جنگی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔