مقبوضہ کشمیر‘غیر قانونی طورپر ظہور احمد بٹ کے اہلخانہ کا انکی گرتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش

جمعہ 3 جولائی 2020 15:29

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما اور شہید محمد مقبول بٹ کے چھوٹے بھائی ظہور احمد بٹ کے اہلخانہ نے ان کی غیر قانونی نظربندی اور گرتی ہوئی صحت پرشدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اہلخانہ نے کے ایم ایس سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ظہور احمد بٹ گزشتہ تین سال سے مٹن پولیس اسٹیشن اسلام آبادمیں غیر قانونی طور پر نظر بند ہیںاورقابض انتظامیہ نے انہیں مسلسل حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے ۔

انہوںنے کورونا وائرس کی وبا کے دوران پولیس اسٹیشن میں انکی گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کی ۔ انہوںنے خدشہ ظاہر کیاکہ پولیس اسٹیشن میں علاج معالجے کی مناسب سہولت فراہم نہ ہونے کی وجہ سے وہ مہلک وبا سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اہلخانہ کا کہنا تھا کہ قابض انتظامیہ دانستہ طورپر انکی زندگی سے کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس قابض انتظامیہ کی طرف سے انکے خلاف درج جھوٹے مقدمات میں اپنا دفاع کرنے کیلئے انہیں عدالت میں پیش نہیں کر رہی ہے تاکہ انکی غیر قانونی نظربندی کو طول دیا جاسکے ۔

اہلخانہ نے ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ظہور احمد بٹ کی فوری غیر قانونی نظربندی ختم کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔