پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے وژن 2025ء کی روشنی میں ممبر ممالک کے مابین علاقائی، تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حادی سلیمان پور سے ٹیلیفون پر گفتگو

جمعہ 3 جولائی 2020 15:39

پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے وژن 2025ء کی روشنی میں ممبر ممالک کے مابین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے وژن 2025ء کی روشنی میں ممبر ممالک کے مابین علاقائی، تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے جمعہ کو اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حادی سلیمان پور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

بات چیت کے دوران اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور تنظیم کے طے شدہ اہداف کے حصول میں درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے بانی رکن ملک ہونے کی حیثیت سے ہمیشہ کوشاں رہا کہ یہ تنظیم خطہ میں اقتصادی تعاون کا مضبوط اور مستحکم مرکز بن کر سامنے آئے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم کو باور کرایا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے وژن 2025ء کی روشنی میں ممبر ممالک کے مابین علاقائی، تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل ای سی او کو کورونا وائرس کی وباکے معاشی مضمرات سے نمٹنے اور ترقی پذیر ممالک کی کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے عالمی سطح پر دی گئی ’’ڈیٹ ریلیف‘‘ تجویز کے خدوخال سے آگاہ کیا اور اس ضمن میں مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کی وبا کے عالمی چیلنج سے نمٹنے اور علاقائی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کیلئے ای سی او وزرا صحت ورچوئل کانفرنس کے جلد انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ معصوم شہری کورونا وائرس کی وبا کے باعث دہرے لاک ڈاؤن کی صعوبت برداشت کر رہے ہیں۔ مظلوم کشمیریوں کو بھارتی جبر و استبداد سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔