بیگناہ شہری کا اپنے کمسن نواسے کے سامنے بہیمانہ قتل عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے، دیویندر سنگھ

جمعہ 3 جولائی 2020 16:09

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموںوکشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سوپور میں ایک بیگناہ شہری بشیر احمد خان کے اپنے کمسن نواسے کے سامنے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ بہیمانہ واقعہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دیویندر سنگھ بہل نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ اس اندوہناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوںنے کہا کہ تین سالہ نواسے کی اپنے ناناکی میت کے پاس روتے ہوئے تصویر نہتے کشمیریوں پر بھارتی جبر و استبداد کی عکاس ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز اہلکاروں کی یہ سفاکانہ کارروائی عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہے۔

(جاری ہے)

دیویندر سنگھ بہل نے کہا کہ بشیر احمد خان اور دیگر لاکھوں کشمیری شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوںنے کہا کہ پوری کشمیری قوم شہید بشیر احمد کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر واستبدادبند کرانے اور تنازعہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار اد اکریں۔