جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

جمعہ 3 جولائی 2020 16:27

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ۔لائرز فائونڈیشن فار جسٹس کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کی گئی جس میں وفاقی حکومت، گورنر پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں زاہداختر زمان کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انعام غنی کو ایڈیشنل آئی جی تعینات کیا ہے،حکومت کی جانب سے ابھی تک جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے علاقائی حدود کا تعین نہیں کیا گیا، صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظوری کے بعد ہی ترمیمی بل صدر مملکت کو بھجوایا جا سکتا ہے، آئین کے آرٹیکل 239 میں آئینی ترمیم کا طریقہ کار بتایا گیا ہے جسے حکومت نے انہیں اپنایا۔ استدعا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکا جائے۔