کراچی میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر شہر کی 43 یونین کونسل میں مزید 15 روز کے لئے اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا

جمعہ 3 جولائی 2020 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) کراچی میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر شہر کی 43 یونین کونسل میں مزید 15 روز کے لئے اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کر دیا گیاہے۔2 جولائی کو اسمارٹ لاک ڈائون کا پہلا مرحلہ ختم ہوتے ہی محکمہ صحت کی سفارشات کے پیش نظر تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اسمارٹ لاک ڈائون میں وسعت کے نوٹیفیکیشن جاری کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

ضلع غربی، ملیر اور جنوبی میں لاک ڈائون سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔پہلے مرحلے کا اختتام ہوا تو کمشنر کراچی کے ترجمان نے جلد دوسرے مرحلے کی نوید سنائی جس کے بعد ضلع غربی کے ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے 5 ٹائونز کی 6 یونین کونسل میں لاک ڈائون 15 روز مزید جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر غربی فیاض سولنگی نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کی تجویز پر مختلف علاقوں میں کیا۔

(جاری ہے)

ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر نے بھی 5 سب ڈویژن کے ایک درجن سے زائد علاقوں جن میں کلفٹن، ڈیفنس، لیاری، گارڈن اور کھارادر شامل ہیں وہاں 15 روز کیلئے سخت لاک ڈائون کرنے کا اعلان کیا گیا۔ضلع ملیر کے ڈپٹی کمشنر نے بھی پانچ روز کے لئے گلشن معمار فیز ون اور ٹو میں لاک ڈائون جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ضلع غربی میں اورنگی ٹائون کی یوسی 11 داتا نگر ایریا 7 اے اور بی، یوسی 12 مجاہد کالونی، ملت آباد، گلفام آباد، علی گڑھ کالونی اور سایٹ ٹائون شامل ہیں۔

یوسی 4 میٹرول بلاک 1، 2، 3، 4 اور 5، بلدیہ ٹائون یوسی 5 سعید آباد ایریا 5 جی، 5 جے اور اے 3، گڈاپ ٹائون، یوسی 5 سونگل، گلشن معمار بلاک ایکس، وائی اور بلاک زیڈ شامل ہیں جبکہ کیماڑی ٹائون میں یوسی 3 کیماڑی، ڈاکس اور مجید کالونی کے علاقے شامل ہیں۔نوٹیفیکیشن کے مطابق ضلع غربی کے 5 ٹائونز کی 6 یونین کونسل میں سخت لاک ڈاون رہے گا۔ ملیر اور ضلع کورنگی میں جمعہ کو نوٹیفکیشن متوقع ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ضلع غربی کی 6 یونین کونسل میں 3لاکھ 95ہزار 600 افراد رہتے ہیں۔ضلع جنوبی کے لاک ڈائون والے علاقوں میں کلفٹن، ڈیفنس، لیاری، کھارادر، گارڈن اور دیگر علاقے شامل ہیں جبکہ ڈیفینس خیابان راحت کے تمام کمرشل علاقے مکمل طور پر بند رہیں گے۔ کلفٹن بلاک 4 اور 5 میں کاروباری مراکز بند رہیں گے اور باتھ آئی لینڈ میں مکمل طور پر لاک ڈاون رہے گا۔

کھارادر کے علاقوں میں مچھی میانی مارکیٹ اور کھوڑی گارڈن شامل ہیں جبکہ گارڈن کے علاقوں میں ڈولی کھاتہ، شو مارکیٹ، ہری مسجد اور جیلانی مسجد کے علاقے شامل ہیں۔لیاری میں مدنی روڈ اور موسی لین کے علاقے میں مکمل لاک ڈائون رہے گا جبکہ صدر کے علاقوں میں صرف بزرٹا لین کے علاقے میں مکمل لاک ڈائون رہے گا۔نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ لاک ڈائون میں بغیر ماسک کے اندر اور باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ علاقے میں آنے اور جانے والوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

گھر کے صرف ایک فرد کو شناختی کارڈ دکھا کر خریداری کرنے کی اجازت ہوگی۔کسی قسم کی تقریب کی اجازت نہیں ہوگی، مریض کے ساتھ صرف ایک تیماردار باہر جانے دیا جائے گا، بغیر وجہ کے گھر سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا جبکہ ڈبل سواری اورتمام پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی۔ سخت لاک ڈان کے دوران گروسری اور میڈیکل اسٹور کے علاوہ تمام کاروبار بند رہے گا۔متاثرہ علاقوں میں انڈسٹریز بھی بند رہیں گی جبکہ ہوٹلز، ریسٹورنٹ سے ٹیک اوے اور فوڈ ڈلیوری بھی بند ہوگی۔ ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہوگی کہ لاک ڈاون پر عمل درآمد کروائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔