وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس

وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، ائیر چیف مجاہد انور خان، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور دیگر حکام نے شرکت کی

جمعہ 3 جولائی 2020 17:41

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 جولائی ۔2020ء) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی‘جاری اعلامیہ کے مطابق کے اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، ائیر چیف مجاہد انور خان، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور دیگر حکام نے شرکت کی.

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی صورتحال پر غور کیا گیا اجلاس کے شرکا نے کہا کہ پاکستان ہمسائیوں کے ساتھ پرامن طریقے سے رہنا چاہتا ہے اپنے ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں. اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا‘اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلا س میں بین الاقوامی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیاوزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا.

خیال رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے بے گناہ شہری کو 3 سالہ نواسے کے سامنے شہید کر دیا تھا‘کشمیر میڈیا سروس (کے ایم سی) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے بارہ مولا میں بھارتی فورسز نے بے رحمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم سن نواسے کے سامنے بے گناہ شہری پر فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا‘گزشتہ روز مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فورسز نے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو بھی شہید کر دیا تھا.

دوسری جانب پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے 25 ہزار ڈومیسائل بھارتی شہریوں کو دینے کے اقدام کو بھی مسترد کر دیا تھا‘ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا تین روز قبل اپنی بریفنگ میں کہنا تھا کہ بھارت اپنے شہریوں کو بوگس ڈومیسائل سرٹیفکیٹ دے رہا ہے، اس کا یہ اقدام غیر قانونی ہے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں، ڈومیسائل حاصل کرنے والوں کو یہ پتہ ہونا چاہئے کہ بھارت اس اقدام کا اہل نہیں.

انہوں نے کہا تھا کہ عالمی قوانین کے تحت بھارت ایسا اقدام نہیں کر سکتا، بھارت کے اس اقدام سے پاکستان کا بیانیہ درست ثابت ہوا، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنا چاہتا تھا. دریں اثناءوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سیکرٹری جنرل ایشین اقتصادی تعاون تنظیم(ای سی او)حادی سلیمان پور سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا اس دوران کروناصورت حال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.

تفصیلات کے مطابق اکانومک کوآپریشن آرگنائزیشن(ای سی او) کے جنرل سیکرٹری اور وزیرخارجہ کے درمیان ہونے والی بات چیت میں اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں تعاون کے فروغ پر بھی زور دیا گیا. دونوں راہنماﺅں میں تنظیم کے طے شدہ اہداف میں درپیش چیلنجز پر بھی گفتگو ہوئی اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ممبر ممالک میں علاقائی اور تجارتی روابط کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے.

وزیر خارجہ نے کرونا چیلنج سے نمٹنے کے لیے ای سی او وزرائے صحت ورچول کانفرنس پر زور دیا انہوں نے حادی سلیمان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا. شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے80لاکھ شہری دہرے لاک ڈاﺅن میں مبتلا ہیں، کشمیریوں کی بھارتی جبر سے نجات کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے بات چیت کے دوران دونوں راہنماﺅں نے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا.