کوہاٹ کے نواح میں احمد فراز فیملی پارک کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کیا جائیگا،ضیاء اللہ بنگش

صوبائی حکومت نے 4 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی منظوری دیدی ہے،مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا

جمعہ 3 جولائی 2020 18:17

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) صوبائی مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ کوہاٹ کے نواح میں احمد فراز فیملی پارک کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا جس کے لئے صوبائی حکومت نے 4 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی منظوری دی ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے معروف شاعر احمد فراز کے نام سے منسوب "احمد فراز پارک" کی تعمیر چند سال قبل کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے سابق گورنر مسعود کوثر کی ہدایت پر شروع کر دی گئی تھی تاہم بعدازاں نامعلوم وجوہات کی بنا پارک کی تعمیر کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا تھا۔

گزشتہ روز مشیر ضیا ء اللہ بنگش نے اس نامکمل پارک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پارک کی تعمیر کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے چار کروڑ روپے کے فنڈ کی منظوری دی گئی ہے جس میں بچوں کے لیے پلے لینڈ، ریسٹورنٹس اور گیمز کی جدید سہولیات سمیت فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

بنگش نے مزید کہا کہ اس جگہ پر کوہاٹ میں میوزیم کی تعمیر کے لیے بھی جگہ مختص کر دی گئی ہے جس کی تعمیر بھی جلد شروع کی جائے گی۔

اس دورے کے دوران ٹی ایم او کوہاٹ، کنسلٹینٹس اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔دریں اثناء ضیاء اللہ خان بنگش نے کوہاٹ کے مضافاتی علاقوں بہزادی چکر کوٹ اوراربن ون کوہاٹ کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ چکر کوٹ کی عوام نے ہمیشہ ہر الیکشن میں انہیں سپورٹ کیا ہے جس پر ان کا شکر گزار ہیں۔

انہوں نے علاقہ کے عوام کع یقین دلایا کہ وہ علاقہ کے تمام تر مسائل کے حل کیلئے بھر پور کوشش اور وسائل بروئے کار لارہے ہیں تاکہ علاقہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ مشیر آئی ٹی نے موقع پر لوگوں کے براہ راست مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پراحکامات صادر کئے۔ ضیائ اللہ خان بنگش نے علاقہ چکر کوٹ کا تفصیلی دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے علاقہ عمائدین کی جانب سے مسائل اور منصوبوں کی نشاندہی پر علاقہ کیلئے کئی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی جس پر علاقہ عوام نے خوشی کااظہار کیا۔