خواجہ آصف سے نیب لاہور نے تحقیقات مکمل کرلیں

کینٹ ہائوسنگ سوسائٹی سیالکوٹ سے متعلق تحقیقاتی ٹیم کے سوالات کے جوابات دئیے، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد خواجہ آصف میڈیا سے گفتگو کئے بغیر روانہ ہو گئے

جمعہ 3 جولائی 2020 22:01

خواجہ آصف سے نیب لاہور نے تحقیقات مکمل کرلیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2020ء) سابق وزیر دفاع اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف سے نیب لاہور نے تحقیقات مکمل کرلیں۔ خواجہ آصف ڈیڑھ گھنٹہ تک نیب لاہور کی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش رہے۔ انہوں نے کینٹ ہائوسنگ سوسائٹی سیالکوٹ سے متعلق تحقیقاتی ٹیم کے سوالات کے جوابات دئیے۔

تحقیقات مکمل ہونے کے بعد خواجہ آصف میڈیا سے گفتگو کئے بغیر روانہ ہو گئے۔ نیب نے انہیں کینٹ ہائوسنگ سوسائٹی سیالکوٹ کیس میں جمعہ کی صبح 11 بجے طلب کر رکھا تھا جبکہ اس سے قبل نیب لاہور نے انہیں 25 جون کو طلب کیا لیکن قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے پیش نظر وہ نیب کے روبرو پیش نہ ہوئے۔ جس پر ان کے وکیل نے خواجہ آصف کی درخواست نیب لاہور کے حوالے کردی تھی۔

(جاری ہے)

نیب نے درخواست پر عدم اطمینان کرتے ہوئے خواجہ آصف کو 3 جولائی کے لئے دوبارہ طلبی نوٹس جاری کردیا تھا۔ خواجہ آصف گزشتہ روز سیالکوٹ کے لیگی وفد کے ہمراہ نیب آفس پہنچے اس موقع پر نیب آفس کے باہر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ خواجہ آصف کی گاڑی پر لیگی کارکنوں نے گل پاشی کی۔ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ کینٹ ہائوسنگ سوسائٹی سیالکوٹ کیس میں خواجہ آصف کے ہمراہ ان کی اہلیہ ان کے صاحبزادے اور دیگر ملزمان شامل ہیں۔ جن پر لوگوں کی اراضی پر قبضہ کرنے، دبائو کے تحت سوسائٹی کا این او سی لینے، اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے اور سوسائٹی کے لئے سرمایہ کاری کے ذرائع نہ بتانے کے الزمات عائد ہیں۔