آئی جی پنجاب کی زیر صدارت موٹر ٹرانسپورٹ ونگ کا اجلاس ،گاڑیوں کی مرمت وبحالی کے کام پر اظہار اطمینان

آپریشنل سرگرمیوں کو بہتر بنانے کیلئے پرانی گاڑیوں کو جلد از جلد تیار کرکے آپریشنل فلیٹ میں شامل کیا جائے‘شعیب دستگیر گاڑیوں کی ورکنگ ٹھیک ہونے سے پٹرولنگ،کرائم فائٹنگ سمیت دیگر فرائض کی انجام دہی میں مزید بہتری آئے گی‘ آئی جی پنجاب

جمعہ 3 جولائی 2020 22:20

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت موٹر ٹرانسپورٹ ونگ کا اجلاس ،گاڑیوں کی مرمت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ پنجاب پولیس کے فلیٹ میں شامل پرانی آپریشنل گاڑیوں کی مرمت و بحالی کے کام میں کم خرچ بالا نشین کے اصول کو مد نظر رکھاجائے تاکہ دستیاب وسائل کے دانشمندانہ استعمال سے انہیں مزید کارآمد بنایا جاسکے، آپریشنل سرگرمیوں کی مزید عمدگی سے انجام دہی کیلئے پرانی گاڑیوں کو جلد از جلد تیار کرکے آپریشنل فلیٹ میں شامل کیا جائے تاکہ پٹرولنگ ،کرائم فائٹنگ اور دیگر پیشہ ورانہ امور سمیت عوام کی جان ومال کے تحفظ کے تمام فرائض مزید تندہی سے سر انجام پاسکیں۔

انہوں نے گاڑیوں کی مرمت وبحالی کے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزیدکہاکہ تمام اضلاع میںپرانی گاڑیوں کے مرمت و بحالی کے بقیہ کام کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں موٹر ٹرانسپورٹ ونگ کے امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ٹیلی اکبر ناصر خان اور ایس ایس پی ایم ٹی اسد سرفراز خان نے پرانی گاڑیوں کی مرمت و بحالی کے کام کے متعلق بریفنگ میں پراگریس پیش کی۔

ڈی آئی جی ٹیلی اکبر ناصر خان نے بتایا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں آپریشنل گاڑیوں کی مرمت کے کام کوبہتر معیار کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ایس ایس پی ایم ٹی اسد سرفراز نے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ تمام اضلاع میں پرانی گاڑیوں کی مرمت کے کام کی ایم ٹی پنجاب سے مستقل نگرانی کی جارہی ہے اور موثر کوارڈی نیشن سے ہر کام کو ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیا جارہا ہے جس پر آئی جی پنجاب نے اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ریپیئرورک میں خصوصی دلچسپی لینے پر ایس ایس پی ایم ٹی کے کام کو سراہا۔

دوران اجلاس پولیس کو ملنے والی 500نئی گاڑیوں کی ریجن اور اضلاع میں تقسیم سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ اس ضمن میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز سے بھی تجاویز لی جائیں۔مزید برآں آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں فیصل آباد پولیس کے زیر استعمال ٹروپ کیرئیر، پریزن وین سمیت دیگر گاڑیوں کی بحالی کے کام کا معائنہ کیا ۔

سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے آئی جی پنجاب کو گاڑیو ں کی تزئین و آرائش کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد پولیس نے اپنے زیر استعمال 49ناکارہ گاڑیوںکو دوبارہ قابل استعمال بنایا ہے اور ان مرمت شدہ گاڑیوں میں 10بسیں، 8پریزن وین،3ٹرک اور 24پولیس اسٹیشن کی گاڑیاںسمیت دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ گاڑیوں کی تزئین و آرائش کا تمام کام ایک کروڑ34لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور یہ تمام کام سی ٹی او فیصل آبادکی زیر نگرانی بنائی گئی ٹیکنیکل کمیٹی نے مکمل کروایا ہے۔

متعلقہ عنوان :