فیصل آباد ، عمران خان کی طرف سے رضاکارانہ سماجی خدمات کے حصول کیلئے ٹائیگرفورس کاقیام مثالی قدم ہے،میجر(ر)عبد الرحمن رانا

ٹائیگر فورس کی خدمات کے امور کو منظم اورمربوط بنانے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے، ڈسٹرکٹ سیکرٹری گڈگورننس

جمعہ 3 جولائی 2020 22:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2020ء) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے رضاکارانہ سماجی خدمات کے حصول کیلئے ٹائیگرفورس کاقیام مثالی قدم ہے جس کی بدولت انسداد کورناوائرس ،ٹڈی دل کے مسائل اور مشکل کے دیگر اوقات میں سرکاری اداروں کی مدد، دکھی انسانیت کی خدمت اور انسانی بھلائی کے کاموں میں انسانی وسائل کی دستیابی کے حوالے سے خاطرخواہ سہولت میسر آئیگی۔

اس سلسلے میں ٹائیگر فورس کی خدمات کے امور کو منظم اورمربوط بنانے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔یہ بات ڈسٹرکٹ سیکرٹری گڈگورننس /سابق ایم پی اے میجر(ر)عبد الرحمن رانا نے تحصیل کی سطح کے صدر وسیکرٹری گڈگورننس سے میٹنگ کرتے ہوئے کہی جس میں انہیںکورنا ریلیف ٹائیگرفورس کے قیام کے مقاصد، رضاکارانہ خدمات کیلئے کو منظم بنانے اور امدادی سرگرمیوں کے طریقہ کار، شرائط وضبواط، ضابطہ اخلاق اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرپی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری نارتھ ریجن ڈاکٹر حسن محمود اورضلعی صدر سجاد حیدر خاں بھی موجود تھے جبکہ میٹنگ میں شریک ہونیوالے تحصیل صدورو سیکرٹریز رانا فرخ نعیم، فواد احمد چیمہ ،چوہدری شیر علی، رانا محمد سرور، حافظ عطااللہ ، چوہدری ثناء اللہ گورسی ، نور مصطفی باجوہ، شہزاد خالدچیمہ، اظہر نسیم، میاںشہزاد احمد بھٹی، میاں خالد محمود ودیگر شامل تھے۔

ڈسٹرکٹ سیکرٹری گڈگورننس میجر(ر)عبد الرحمن رانا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ تحصیل ، یونین کونسلز اور تھانہ کی سطح پر ٹائیگر فورس کو منظم کیاجارہاہے اس سلسلے میں پرعزم اور فلاحی خدمات فراہم کرنے کے خواہشمند رضا کاروں کی توانائیوں کو بھرپورانداز میں بروئے کار لایاجائیگاجس سے کورناوائرس کے انسداد اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمدکے حوالے سے آگاہی پیداکرنے میں مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اور سرکاری ادارے کورنا وائرس کی روک تھام سمیت دیگر عوامی فلاحی سرگرمیوں کیلئے سرگرم عمل ہیں جنکی کوششوں کو مزید مستحکم و کامیاب بنانے کیلئے ٹائیگر فورس کے رضا کارہراول دستے کاکام دینگے جن کی باقاعدہ شناخت کیلئے مخصوص کارڈز اور جیکٹس فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔میٹنگ کے دوران تحصیل صدور و سیکرٹریز گڈگورننس نے اپنی تحصیلوں میں کورنا ریلیف ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کی تفصیلات اور ایس او پیز پر عمل درآمدکے حوالے سے کارکردگی رپورٹس سے آگاہ کیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر حسن محمود نے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے سماجی خدمات کیلئے اپنے آپ کو پیش کرکے قومی فریضہ کی ادائیگی میں گرانقدر جذبوں کااظہار کیاہے جن کی بے لوث خدمات کی بدولت انسانی خدمت سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے عزم کی تکمیل ہوگی۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ سیکرٹری گڈگورننس میجر(ر)عبد الرحمن رانا کے فلاحی جذبے کو سراہتے ہوئے کہاکہ وہ ٹائیگر فورس کی کامیابی کیلئے حقیقی عزم کیساتھ قدم بڑھا رہے ہیں۔

ضلعی صدر سجاد حیدر خان نے کہاکہ ٹائیگرفورس کی خدمات کے حصول کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کے انقلابی قدم کو کامیاب بنائینگے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹائیگر فورس کے رضا کارانسانی بھلائی کیلئے محنت اور اخلاص سے خدمات انجام دے رہے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ اجرعظیم سے نوازے گا