سعودی عرب میں کورونا کے 4ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ

مملکت میں متاثرہ افراد کی تعداد 2لاکھ سے تجاوز کرگئی، مرضوں کی تعداد میں سعودی عرب 15ویں سے 14ویں نمبر پر آگیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 3 جولائی 2020 19:26

سعودی عرب میں کورونا کے 4ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 جولائی2020ء) سعودی عرب میں کورونا کے 4ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ، مملکت میں متاثرہ افراد کی تعداد 2لاکھ سے تجاوز کرگئی، تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں آج کورونا کے 4ہزار193نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2لاکھ 1ہزار 801ہوگئی ہے۔ ملک میں مزید 50مریض کورونا سے جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 1802تک پہنچ چکی ہے۔

مرضوں کی تعداد میں سعودی عرب دنیا میں 15ویں سے 14ویں نمبر پر آگیا ہے۔ مملکت میں 2ہزار945کورونا مریض صحتیاب بھی ہوگئے ہیں جس کے بعد اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1لاکھ40ہزار614ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں 59ہزار385 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل نے کہا ہے کہ سعودی عرب آئندہ بھی مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں اور غیرقانونی مقیم تارکین کو نئے کورونا وائرس ٹیسٹ، علاج اور نگہداشت کی سہولتیں فراہم کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق جنیوا میں سعودی سفیر نے بتایا کہ سعودی عرب جی 20 کی صدارت کرتے ہوئے کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی اتحاد کی قیادت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب بین الاقوامی معیشت، تجارت اور انسانی صحت پر وبا کے اثرات محدود سے محدود تر کرنے کے لیے عالمی یکجہتی کی پالیسی پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے 500 ملین ڈالر کی رقم کی فراہمی کا اعلان کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہر انسان کو کسی امتیاز کے بغیر جسمانی و ذہنی صحت سے استفادے کا حق ہے۔ڈاکٹر عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ سعودی عرب وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے ہوئے ہے۔ وہ اپنے یہاں تمام شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور غیرقانونی طریقے سے رہنے والے تارکین کو بھی مفت صحت سہولتیں مہیا کر رہا ہے۔