اسلام آباد کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی وزیراعظم کے ویژن کے مطابق فوری اور سستے پلاٹوں کی فراہمی کا بندوبست کرچکے ہیں، ملک رفیق

بالکل آسان شرائط پر18 ہزار ممبران کیلئے نیو ائیرپورٹ کے نزدیک زمین خرید چکے ہیں mہمارے مقابلے دیگر سوسائٹیاں دوگنی قیمت پر ایسے پلاٹ فروخت کر رہی ہیں لیکن ہم نے وزیراعظم عمران خان کے سوچ کے مطابق10ہزار کنال زمین خرید کر18 ہزار پلاٹ تیار کئے ہیں،صدر سوسائٹی کا بیان

جمعہ 3 جولائی 2020 23:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2020ء) اسلام آباد کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر ملک رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق فوری اور سستے پلاٹوں کی فراہمی کا بندوبست کرچکے ہیں۔بالکل آسان شرائط پر18 ہزار ممبران کیلئے نیو ائیرپورٹ کے نزدیک زمین خرید چکے ہیں،ہمارے مقابلے کی دیگر سوسائٹیاں دوگنی قیمت پر ایسے پلاٹ فروخت کر رہی ہیں لیکن ہم نے وزیراعظم عمران خان کے سوچ کے مطابق10ہزار کنال زمین خرید کر18 ہزار پلاٹ تیار کئے ہیں۔

گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سی پیک، رنگ روڈ اور نیو ائیرپورٹ کی قربت نے اسلام آباد کوآپریٹوہاوسنگ سوسائٹی کو چار چاند لگا دیئے۔ ہم نے نیک نیتی سے 15سال پہلے جس درخت کا بیج بویا تھا آج وہ ممبران کے لئے شجر سایہ دار بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

میں دعویٰ سے کہتاہوں کہ راولپنڈی اسلام آباد کی تمام پرائیویٹ اور کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیوں سے سستا پلاٹ ہم دے رہے ہیں حالانکہ ہماری سوسائٹی کے ایک طرف سی پیک گزر رہا ہے جبکہ دوسرے گیٹ پر رنگ روڈ آرہا ہے اور نیو اسلام آباد ائیرپورٹ صرف 7کلومیٹر کی دوری پر ہے۔

ملک رفیق نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہماری سوسائٹی حقیقی معنوں میں عام آدمی اور غریب کی سوسائٹی ہے۔ یہ کوئی خواب نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ غریبوں مزدوروں اور متوسط طبقے کو ہم آسان قسطوں پر پلاٹ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت 10ہزار کنال زمین باقبضہ موجود ہے اور 18ہزار ممبران کو پلاٹ دے رہے ہیں۔ ہماری سوسائٹی کے ممبران کے لئے اللہ کے فضل سے نہ پانی کا مسئلہ ہوگا اور نہ ہی بجلی کی فراہمی اب کوئی مسئلہ ہے اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات ہو چکے ہیں۔

سوسائٹی کے پہلو میں ڈیم بننے سے زمین کا واٹر لیول بھی اوپر جا رہا ہے ۔ اللہ کے حکم سے یہ ایسی سوسائٹی ہوگی جس کے قرب و جوار میں روزگار کے بے شمار مواقع ہونگے۔ رنگ روڈ کے بعد موٹروے تک پہنچ بھی چند منٹ میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والے حسد کا شکار ہیں لیکن ہمیں ان کی پرواہ کئے بغیر اپنا سفر جاری رکھنا ہے اور ہماری آنے والی نسلیں اس پراجیکٹ پر فخر کریں گی اور یہاں بسنے والے لوگ ہمیں دعائیں دیں گے۔