سعودی عرب کی طرف سے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر شکریہ

یہ کھجوریں بیت المال کے ذریعے کشمور، ڈیرہ بگٹی اور وزیرستان کے مستحقین میں تقسیم کی جائیں گی

ہفتہ 4 جولائی 2020 00:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی طرف سے بلا تفریق انسانیت کی خدمت کیلئے قائم پاکستان میں رفاعی ادارے کے ڈائریکٹر(کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر) ڈاکٹر خالد محمد العثمانی نے 36 ٹن کھجوریں منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس کے حوالے کیں، یہ کھجوریں کشمور (سندھ)، ڈیرہ بگٹی (بلوچستان) اور (خیبرپختونخوا) وانا وزیرستان میں مستحقین میں تقسیم کی جائیں گی۔

سعودی سفارتخانے کے میڈیا سیکشن کے مطابق رمضان المبارک میں بھی ملک بھر کے مستحقین میں لاکھوں افراد کیلئے افطار الصائم پیکج تقسیم کیا گیا تھا یہ پیکج مکمل گھرانے کیلئے تھا جبکہ مشکل کی اس گھڑی میں کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے 50 ٹن کھجوروں کی تقسیم کیلئے منصوبہ شروع کر رکھا ہے اور ریلیف سینٹر چاروں براعظموں کے 47 سے زیادہ ممالک میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پرخوراک کے علاوہ ترقیاتی کاموں کیلئے بھی امداد فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اپنے بہت سے پروگراموں اور اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہم بین الاقوامی، علاقائی اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دنیا بھر میں لاکھوں مستحقین کو امداد فراہم کر رہے ہیں سعودی حکومت اور سعودی ادارے پہلے بھی پاکستان بیت المال کے ساتھ ملکر مختلف ریلیف کی خدمات سر انجام دے چکے ہے اوراب کھجور کی تقسیم کا عمل بھی بیت المال سر انجام دے گاپاکستان بیت المال کے عہدیداروں نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبد العزیز اور سعودی ولی عہد شاہ محمد بن سلمان کی طرف سے مشکل کی اس گھڑی میں اس فراخدلانہ اقدام پرپر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ جب بھی ضرورت پڑتی ہے سعودی عرب ہمیشہ سے ہی پاکستانی عوام کے لئے دل کھول کرامداد فراہم کرتا رہا ہے۔