لاہور میں کورونا کے 7مزید ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کردی گئی

واپڈا ٹاون اور ای ایم ای، ٹاون شپ اے ٹو بلاک، چونگی امرسدھو مین بازار، گرین ٹاون، پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اسکیم اور جوہر ٹاون سی بلاک میں لاک ڈاون کی تیاریاں شروع

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 3 جولائی 2020 21:50

لاہور میں کورونا کے 7مزید ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کردی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 جولائی2020ء) لاہور میں کورونا کے 7مزید ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کردی گئی، لاک ڈاون کی تیاریاں شروع، تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ نے لاہور کے 7 مزید علاقے لاک ڈاون کرنے کی تجویز دے دی، اس حوالے سے 7مزید ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق واپڈا ٹاون اور ای ایم ای، ٹاون شپ اے ٹو بلاک، چونگی امرسدھو مین بازار، گرین ٹاون، پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ اسکیم اور جوہر ٹاون سی بلاک میں لاک ڈاون کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

تجویز کردہ علاقوں میں جون میں 877کیسز رپورٹ ہوئے،ٹاون شپ اے ٹو بلاک میں گزشتہ دو ہفتوں میں 39کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ای ایم ای سوسائٹی میں دو ہفتوں کے دوران 45کیسز رپورٹ ہوئے،اس طرحواپڈا ٹاون میں دو ہفتوں میں 180کیسز سامنے آئے جبکہ جوہڑ ٹاون سی بلاک میں 17کیسز، چونگی امر سدھو مین بازار میں 52کیسز،پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ سکیم میں 25کیسز اور گرین سٹی میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 18کیسز سامنے آئے۔

(جاری ہے)

حکام نے مزید بتایا ہے کہ مجوزہ علاقوں میں 90ہزار182گھر ہیں جن میں 1لاکھ 21ہزار134خاندان رہائش پذیر ہیں اور مجوزہ علاقوں کی آبادی 6لاکھ60ہزار778 افراد پر مشتمل ہے۔ اس سے قبل لاہور ہی کے 7 ایسے علاقے جن میں لاک ڈاؤن کیا گیا تھا، انکو کھولنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، گلشن راوی، والڈ سٹی، ڈی ایچ اے کو آج کھول دیا جائے گا، تمام سیل شدہ علاقوں میں سیمپلنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، ہر علاقے سے ایک ہزار سیمپل اکٹھے کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سیمپلنگ کے نتائج کے پیش نظر علاقوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر میں کورونا کے زیادہ کیسز والے مزید علاقوں کو سیل کرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ زرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی تجاویز اور ضلعی انتظامیہ کی تجاویز کی روشنی میں کابینہ کمیٹی مزید علاقوں کو سیل کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ دے گی۔