کورونا سے نبردآزما ہونے والے افراد اور اس میں جام شہادت نوش کرنے والے ہمارے ہیروز ہیں جن پر ہمیں فخر ہے، میر عمران گچکی

کرونا کو شکست دینے اور حکومت بلوچستان کے حفاظتی پیشگی اقدامات اور مربوط لائحہ عمل کی بدولت ہم اس وبائی صورتحال سے بہت جلد چھٹکارا حاصل کر لیں گے،انچارج بلوچستان کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر

جمعہ 3 جولائی 2020 22:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) بلوچستان کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے انچارج اور سیکریٹری کھیل میر عمران گچکی کی زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات اور قومی سطح پر 'عزم و ہمت کے 100 دن' کے حوالے سے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکٹری لوکل گورنمنٹ صالح ناصر، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ محمد نعیم بازئی ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت زیشان احمد، ڈپٹی سیکرٹری اور پی ڈی ایم کے ڈسٹریبیوشن کمیٹی کے ممبر ظہیر احمد بلوچ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو کمانڈ اور آپریشن سینٹر کے سربراہ نے حکومت بلوچستان، نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر اور متعلقہ محکموں کے حوالے سے بریفنگ دی، انہوں نے کورونا وائرس کے پیش نظر ایمرجنسی صورتحال کے باعث فرنٹ لائن افرادی قوت اور متعلقہ محکموں کے حکام کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ وہ ہمارا افتخار ہیں ، جبکہ کورونا سے نبردآزما ہونے والے افراد اور اس میں جام شہادت نوش کرنے والے ہمارے ہیروز ہیں جن پر ہمیں فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورونا کو شکست دینے اور حکومت بلوچستان کے حفاظتی پیشگی اقدامات اور مربوط لائحہ عمل کی بدولت ہم اس وبائی صورتحال سے بہت جلد چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے نیشنل کمانڈ سینڑ اور نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس جیسے اداروں کی مربوط لائحہ عمل کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات بھی قابل زکر ہیں۔

اجلاس کو محکمہ اطلاعات اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز کے اقدامات کے حوالے سے ڈی جی پی آر نعیم بازئی نے بتایا کہ تمام اطلاعات کے ذرائع کا بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر حکومت کی سطح پر مرتب کردہ گائیڈ لائنز کو محکمہ ہذا نے عوامی سطح پر بہتر انداز میں تشریح ترویج کو یقینی بنایا جس میں اب تک 1526 ہینڈ آؤٹ اور پریس ریلیز، 1900 سے زائد تصاویر، 100 سے زائد امی آگاہی کے لیے سلوگنز ، 32 آرٹیکلز، 15 اسپیشل سپلیمنٹس، 3 اسپیشل آرٹیکلز، اور صوبے بھر چھپنے والے 141 سے زائد میگزینز میں 20 آرٹیکلز اور ان میں 6 خصوصی ڈسپلے اشتہارات، ملک بھر کے بڑے ٹی وی چینلز میں 12 ٹی وی کمرشلز کے مجموعی طور پر 811 Spots , ایف ایم ریڈیو کے ذریعے 34 پروموز اور مجموعی طور پر 1260 Spots، کوئٹہ شیر کے کیبل نیٹورک پر 55 ویڈیوز اور مجموعی طور پر 4800 Spots ، صوبے کے 21 اضلاع میں کیبل نیٹ ورکس پر مجموعی طور پر 1440 Spots، ڈیجیٹل پوسٹر اور آگاہی ویڈیوز کے 130 پوسٹرز سمیت 57 ویڈیوز، اور دیگر سوشل میڈیا کے ذرائع کا بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔

اجلاس کو سیکٹریری لوکل گورنمنٹ اور سربراہ مانیٹرنگ و ڈسٹری بیوشن کمیٹی صالح ناصر نے بتایا کہ صوبہ بھر کے مختلف ہسپتالوں، سرکاری دفاتر و دیگر کو اب تک 7 لاکھ سے زائد ماسک، 1 لاکھ PPEs حفاظتی لباس، 5 لاکھ حفاظتی دستانیاور ہزاروں کی تعداد میں سینیٹائزرز سمیت کوئٹہ کے ہسپتالوں کے علاوہ تمام ضلعوں میں ضروری اشیاء کی ترسیل کو بھی یقینی بنایا گیا ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے بھر میں قائم کیے گئے قرنطینہ اور ائسولیش سینٹرز میں زیر علاج مریضوں کو سہولیات کی فراہمی کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں محکمہ صحت اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے حکام نے بھی اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔