"بگ ٹکٹ ابوظہبی"، غیر ملکیوں کے گروپ نے ساڑھے 68 کروڑ کا انعام جیت لیا

ہندوستانی شخص نے دوستوں کیساتھ مل کر لاٹری کا ٹکٹ خریدا تھا، انعام جیتنے والے مشکل مالی حالات کی وجہ سے امارات کو چھوڑنے کیلئے تیار تھے

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 جولائی 2020 23:55

"بگ ٹکٹ ابوظہبی"، غیر ملکیوں کے گروپ نے ساڑھے 68 کروڑ کا انعام جیت لیا
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی2020ء) "بگ ٹکٹ ابوظہبی"، غیر ملکیوں نے ساڑھے 68 کروڑ کا انعام جیت لیا، ہندوستانی شخص نے دوستوں کیساتھ مل کر لاٹری کا ٹکٹ خریدا تھا، انعام جیتنے والے مشکل مالی حالات کی وجہ سے امارات کو چھوڑنے کیلئے تیار تھے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی مشہور زمانہ بگ ٹکٹ ابوظہبی لاٹری نے ایک مرتبہ پھر کئی غریبوں کو کروڑ پتی بنا دیا ہے۔



بتایا گیا ہے کہ کچھ ہندوستانی دوست جو اپنے ملک واپس جانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، وہ کروڑوں روپے کا انعقام جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔ 20 دوستوں نے مل کر ابوظہبی بگ ٹکٹ لاٹری کا ٹکٹ خریدا تھا، اور پھر اب وہ 15 ملین درہم یعنی ساڑھے 68 کروڑ روپے پاکستانی جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

یوں اب 20 افراد کے اس گروپ کے ہر فرد کو ساڑھے 7 لاکھ درہم ملیں گے۔

ابوظہبی بگ ٹکٹ لاٹری کا ٹکٹ خریدنے والے نوفل نامی ہندوستانی شخص کا کہنا ہے کہ وہ 2005 سے دبئی میں مقیم ہے اور گزشتہ 2 سال سے ہر 2 ماہ کے وقفے سے ابوظہبی بگ ٹکٹ لاٹری کا ٹکٹ خریدتا تھا۔ ہمیشہ وہ اور 2 سے 3 دوست مل کر ٹکٹ خریدا کرتے تھے، تاہم اس مرتبہ 20 دوستوں نے مل کر ٹکٹ خریدا، تاکہ کسی پر مالی بوجھ نہ پڑے۔ نوفل بتاتے ہیں کہ 2 ٹکٹ کی خریداری پر ایک ٹکٹ مفت ملتا ہے، اس لیے 500 درہم کے 2 ٹکٹ خریدے اور ساتھ میں ایک ٹکٹ مفت ملا۔ نوفل کا مزید بتانا ہے کہ انعام جیتنے والے اس کے بیشتر دوست امارات میں معمولی نوکریاں کر رہے ہیں، اور اب موجودہ بحران کے حالات میں وہ اپنے ملک واپس جانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔