متحدہ عرب امارات میں کئی روز بعد 6 سو سے زائد کرونا کیسز رپورٹ

مملکت میں رپورٹ ہونے والے کل کیسز کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی، 39 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوگئے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 جولائی 2020 01:00

متحدہ عرب امارات میں کئی روز بعد 6 سو سے زائد کرونا کیسز رپورٹ
ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 3 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کئی روز بعد 6 سو سے زائد کورونا کیسز رپورٹ، مملکت میں رپورٹ ہونے والے کل کیسز کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی، 39 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کورونا کیسز میں تیزی سے کمی آ رہی تھی، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گزشتہ کچھ روز کے مقابلے میں زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 672 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی50,141 ہو گئی ہے۔جبکہ زیر علاج افراد کی گنتی 11ہزار کے لگ بھگ رہ گئی ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 489 مریض صحت یاب ہو گئے۔ اسی طرح اب تک مملکت میں کورونا کے 39,153 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

مملکت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کوروناسے صرف ایک ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی کُل گنتی 318 ہو گئی ہے۔

اب تک مجموعی طور پرلاکھوں افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں، جن کا تعلق مختلف علاقوں اور پیشوں سے ہے۔ واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ گھروں میں قرنطینہ اختیار کرنے والے افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے تک گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں کوگھریلو قرنطینہ کی پہلی بار خلاف ورزی پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم کا جرمانہ اور چھ ماہ تک قید ہو گی۔

وزارت کے مطابق دو قسم کے افراد گھریلو قرنطینہ اختیار کریں گے، پہلے تو وہ لوگ جن کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے باعث وہ مصدقہ مریض بن چکے ہوں، جبکہ جو افراد کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں سے رابطے میں رہے ہوں گے، انہیں بھی خود کو اور اس بارے میں محکمہ صحت کا بھی آگاہ کرنا ہو گا۔ ان افراد کو اس وقت تک گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی، جب تک ان کے ٹیسٹ نیگیٹو نہیں آئیں گے۔

گھروں پر قرنطینہ اختیار کرنے والوں کو الیکٹرانک بریسلیٹ پہننی ہو گی، جو محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ حکام کو کسی شخص کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں فوری پتا چل جائے۔ اس کے علاوہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں الحوسن ایپ بھی سمارٹ فونز پر ڈاوٴن لوڈ کرنا ہو گی اور اس پر اپنی رجسٹریشن کروانا لازمی ہے۔