ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی پاکستان میں مالیاتی انتظام کار کے استحکام، شفافیت کے فروغ اور توانائی کے شعبہ میں بنیادی اصلاحات کیلئے ’’ریزیلیئنٹ انسٹی ٹیوشنز فار سسٹین ایبل اکانومی پروگرام‘‘کے تحت 500 ملین ڈالر کی منظوری

ہفتہ 4 جولائی 2020 11:46

ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی پاکستان میں مالیاتی انتظام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے پاکستان میں مالیاتی انتظام کار کے استحکام، شفافیت کے فروغ اور توانائی کے شعبہ میں بنیادی اصلاحات کیلئے ’’ریزیلیئنٹ انسٹی ٹیوشنز فار سسٹین ایبل اکانومی پروگرام‘‘( آر آئی ایس ای) کے تحت 500 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دی ہے۔

عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان الانگو پاچا میتھو نے کہا ہے کہ کووڈ19- کی وبا سے پاکستان کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے جبکہ وبا پر قابو پانے کیلئے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان نے ہیلتھ ایمرجنسی، سماجی تحفظ اور کاروبار کی معاونت کیلئے جامع اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر آئی ایس ای پروگرام سے حکومت کو میکرو اکنامک استحکام، پالیسی اصلاحات اورمستحکم معیشت کے قیام میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت ٹیکس کے دائرہ کارمیں اضافہ، ٹیکس پالیسی میں بہتری، قرضوں کی ادائیگی کے نظام میں استحکام اور شفافیت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی جبکہ پروگرام سے توانائی کے شعبہ میں ضروری اصلاحات کے ذریعہ مالیاتی استحکام کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر آئی ایس ای کے تحت بینکنگ کے شعبہ میں اصلاحات، ڈیجیٹل فنانس کے فروغ کے علاوہ مسابقتی نیشنل ٹیرف پالیسی کے ذریعہ تجارت کے فروغ اور صارفین کے اخراجات میں کمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آر آئی ایس ای پروگرام کووڈ19- کے خلاف حکومتوں کے اقدامات میں معاونت کا پروگرام ہے جس کا مقصد صحت اور سماجی تحفظ پر اخراجات میں وسعت کے ساتھ ساتھ مالیات کے شعبہ میں میکرو اصلاحات کے ذریعہ ان کی مدد کرنا ہے۔