لاک ڈاؤن کے باوجود محکمہ جنگلات کو ٹارگٹ سے زیادہ آمدن

30 جون تک 10 کروڑ 21 لاکھ روپے کی وصولی کی گئی، ٹارگٹ 8 کروڑ تھا، نئے مالی سال کے لئے جو بھی ہدف ملا اسے حاصل کریں گے، ڈویژنل فارسٹ افسر

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 4 جولائی 2020 11:44

لاک ڈاؤن کے باوجود محکمہ جنگلات کو ٹارگٹ سے زیادہ آمدن
راولپنڈی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-04جولائی2020ء)      لاک ڈاؤن کے باوجود محکمہ جنگلات کو ٹارگٹ سے زیادہ آمدن ہوئی ہے۔ اس پروفارمنس پر وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے محکمے کو شاباشی بھی دی گئی ہے۔ مقامی اخبار روزنامہ ایکسپریس کے مطابق بات کرتے ہوئے ڈویژنل فارسٹ افسر نے بتایا ہے کہ 30 جون تک 10 کروڑ 21 لاکھ روپے کی وصولی کی گئی، ٹارگٹ 8 کروڑ تھا، نئے مالی سال کے لئے جو بھی ہدف ملا اسے حاصل کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ 2 کروڑ روپے کی لکٹری سہالہ ڈپو میں موجود ہے، اس کی فروخت کے بعد یہ ہدف 12 کروڑ 21 لاکھ روپے ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا ہے کہ ہر سال طوفان اور بارشوں کی وجہ سے درخت ٹوٹ کر گر جاتے ہیں، کئی خشک ہوتے ہیں جنہیں نیلام کر دیا جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جنگلات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، بڑے راستوں پر چیک پوسٹیں بنانے کے ساتھ جنگلات میں کلوز سرکٹ کیمرے بھی لگائے گئے ہیں تا کہ ہر قسم کی صورتحال سے آگاہ رہا جا سکے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جنگلات کے چور راستوں پر بھی ناکے لگائے گئے ہیں، اس سسٹم کی مدد سے جو کالی بھیڑیں ٹمبر مافیہ سے ملی ہوئی تھی، ان کا عمل دخل بہت کم ہو گیا ہے جس سے ہمیں نقصان کی بجائے فائدہ ہو رہا ہے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن اور کورونا کی صورتحال کی وجہ سے تمام شعبہ جات بری طرح متاثر ہو گئے تھے،  لیکن حیران کن طور پر محکمہ جنگلات نے اپنے ہدف سے زیادہ آمدن کر کے حکومت کی توجہ حاصل کر لی ہے جس پر انہیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے شاباشی بھی دی گئی ہے۔  خیال رہے کہ محکمے کی جانب سے 30 جون تک 10 کروڑ 21 لاکھ روپے کی وصولی کی گئی، ٹارگٹ 8 کروڑ تھا۔